عید کے بعد قوم کو ایک خوشخبری ملنے والی ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  اتوار 18 جون 2017
کرپشن کرنے والوں کے والوں کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں  بچا، چیرمین پی ٹی آئی

کرپشن کرنے والوں کے والوں کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں  بچا، چیرمین پی ٹی آئی

کراچی: چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنے والوں کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں  بچا ہے اور ان کا احتساب ہو کر ہی رہے گا جب کہ عید کے بعد قو م کو ایک خوشخبری ملنے والی ہے۔

کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات  کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر کو طلب کرے اس کے پاس شریف خاندان کی کرپشن کے مضبوط ثبوت موجود ہیں، جے آئی ٹی انعام الرحمان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرے جب کہ منی ٹریل قطری نے نہیں  کی بلکہ اس میں  شریف خاندان ملوث ہے اور اس حوالے سے اسحاق ڈار کا بیان ریکارڈ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطری خط فراڈ ہے اور قطری شہزادہ بیان ریکارڈ کرنے کبھی بھی پاکستان نہیں آئے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں ایک ہی الائنس ہے جو کرپٹ مافیا کے خلاف ہے، ایک طرف کرپٹ مافیا ہے اور دوسری طرف قوم ہے جب کہ کرپٹ مافیا عوام کے پیسے چوری کرکے ملک سے باہر بھیج رہے ہیں، قوم اس کرپٹ مافیا  کے خلاف کارروائی  چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتح حق وسچ کی ہوگی اور جلد کرپٹ مافیا اور کرپشن میں ملوث سیاست دانوں سے قوم کو نجات ملے گی جب کہ عید کے بعد قو م کو ایک خوشخبری ملنے والی ہے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں  گے اور غریب عوام کا پیسہ چوری کر کے باہر بھیجنے والوں کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ ان کا احتساب ہو کر ہی رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کا ایک گروپ کرپٹ مافیا کو تحفظ فراہم کررہا ہے اور اس مافیا کے گاڈ فادر کا نام گذشتہ روز لے چکا ہوں، جنگ  جیو گروپ اس کرپٹ مافیا کے مالی مفادات کا تحفظ کررہا ہے، کیا میڈیا کا یہ کام ہے جب کہ میڈیا کا یہ گروپ کرپٹ مافیا کاساتھ دے رہا ہے اور دوسری طرف میڈیا کے دیگر گروپس کرپٹ مافیا کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب کررہے ہیں۔

بھارت کو تاریخی شکست دینے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر نہ ہونے کی وجہ سے قوم مایوس تھی لیکن اب پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آج بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔