وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے 31 کروڑ 60 لاکھ سے زائد اثاثے

تنویر محمود راجہ  پير 19 جون 2017
آغا سراج درانی کے 8 کروڑ30 لاکھ ، شہلا رضا ایک کروڑ، اظہارالحسن کے پاس 58لاکھ کے اثاثے. فوٹو: فائل

آغا سراج درانی کے 8 کروڑ30 لاکھ ، شہلا رضا ایک کروڑ، اظہارالحسن کے پاس 58لاکھ کے اثاثے. فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ31کروڑ60لاکھ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں.

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ31کروڑ60لاکھ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے پاس آٹھ کروڑ30لاکھ روپے کے اثاثے ہیں، ان کے پاس 15 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی ہے، رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی 100 تولہ سونا کی مالک ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پاس13کروڑ روپے مالیت کے2گھر ہیں جبکہ 16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس  اور ایک کروڑ40لاکھ روپے سے زائد کی 2گاڑیاں بھی ہیں۔ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کے ایک کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔

حیران کن امر یہ ہے کہ ان کے پاس نہ تو اپنا گھر ہے اور نہ گاڑی تاہم ان کے پاس ڈھائی لاکھ روپے کا فرنیچر اور 8 تولے سونا ہے۔اس کے علاوہ رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سو تولہ سونا اور 77 لاکھ روپے سے زائد کی جائیداد ظاہر کی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ شرمیلا فاروقی نے135ایکڑ زرعی زمین اور ڈی ایچ اے کراچی میں گھر کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کے پاس 58 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں، ان کے پاس اپنا ذاتی گھر اور گاڑی نہیںجبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 11 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔