اقتدار میں آکر کرپشن کرنے والے کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے، عمران خان

ویب ڈیسک  پير 19 جون 2017
 قوم کے پیسوں سے دبئی اور دیگر ممالک میں محلات بنائے جارہے  ہیں، چیرمین تحریک انصاف- فوٹو: ایکسپریس

قوم کے پیسوں سے دبئی اور دیگر ممالک میں محلات بنائے جارہے ہیں، چیرمین تحریک انصاف- فوٹو: ایکسپریس

کراچی : چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف برادران آصف  زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو لوٹتے ہیں جب کہ اقتدار میں آکر کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے۔

کراچی کے علاقے منظور کالونی اور محمود آباد میں تحریک انصاف کے امیدوار انجینئر نجیب ہارون کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی  اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ عوام صاف پانی اور بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں اور قوم کے پیسوں سے دبئی اور دیگر ممالک میں محلات بنائے جارہے  ہیں، جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ نام نہاد لیڈروں کی جیبوں میں چلا جاتا ہے جب کہ باریاں  لینے والے عوام کے حالات کو بہتر نہیں  بنا سکتے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک سے پیسے چوری کرکے باہر لے جایا جاتا ہے اگر  پیسے  چوری ہونے سے بچ جائیں اور  ملک میں سرمایہ کاری ہو تو بے روز گاری کا خاتمہ ہوجائے گا جب کہ ملک میں انصاف کا نظام لانے پر پاکستانی قوم دنیا کی عظیم قوم بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران آصف  زرداری کے ساتھ ملکر ملک کو لوٹ رہے ہیں اور یہ کرپشن اور چائنا کٹنگ کرتے ہیں مگر ان ڈاکوؤں کے خلاف تحریک انصاف اپنی جنگ جیتے گی اور ایک ہی آواز ہوگی “گو نواز گو”۔

عمران خان نے کہا کہ جماعتوں  نے بار بار باریاں  لیں اور ان جماعتوں کے لوگ ارب پتی ہوگئے  مگر آج ان جماعتوں  کے خلاف ریفرنڈم کا وقت آگیا ہے، پی ایس  114 کا الیکشن چوروں  کے خلاف ریفرنڈم ہوگا اور ہم  عوام کے لوٹے ہوئے اربوں  روپے واپس لا کران چوروں  اور کرپٹ مافیاکو اڈیالہ جیل میں  ڈالیں گے۔

چیمپئنزٹرافی کا ٹائٹل جیتنے پر عمران خان نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، میں  پوری قوم کو پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جب کہ سرفراز احمد سمیت پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں خصوصا فخر زمان کو، قومی ٹیم نے ثابت کردیا ہے کہ اگر اس ہی طرح سے پوری قوم متحد ہوجائے توچاند پر پہنچا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔