پرانے موبائل فونز کا فائدہ

 منگل 20 جون 2017
پرانے فون دس گنا کمزور سگنلز پر بھی کال یا ایس ایم ایس کرنے میں اسمارٹ فون سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ فوٹو : فائل

پرانے فون دس گنا کمزور سگنلز پر بھی کال یا ایس ایم ایس کرنے میں اسمارٹ فون سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ فوٹو : فائل

ٹیکنالوجی میں تیزی سے جدت آنے کے باعث روزمرہ استعمال کی الیکٹرانک اشیاء کی جسامت بھی چھوٹی ہورہی ہے۔

آپ کو چند سال قبل کے موبائل فونز تو یاد ہوں گے جو خاصے بھاری بھرکم تھے۔ جس جیب میں تب کا ایک موبائل فون مشکل سے سماتا تھا، آج اسی میں دو تین سمارٹ فون سما جاتے ہیں۔لیکن ماہرین نے بڑے سائز کے پرانے موبائل فونز کا ایک ایسا فائدہ بتایا ہے جسے جان کر آپ کا دل چاہے گا کہ انھیں دوبارہ استعمال کرنے لگیں۔

برطانوی سرکاری ادارے،آف کام (Ofcom) کے ماہرین نے لیبارٹری میں پرانے موبائل فونز اور آج کے اسمارٹ فونز کا تقابلی جائزہ لیا۔اس جائزے سے پتا چلا کہ کال اور ٹیکسٹ میسیج کرنے کے لیے پرانے فون آج کے سمارٹ فونز سے کہیں بہتر تھے۔

وجہ یہ ہے کہ ان پرانے فونز میں کمزور سگنل پکڑنے کی بھرپور صلاحیت تھی۔ اسمارٹ فونز اس صلاحیت سے محروم ہیں۔ ذرا سے سگنل کمزور ہوں تو سمارٹ فون انہیں پکڑ نہیں پاتے۔ نتیجتاً کال میں آواز صاف سنائی نہیں دیتی۔ حتیٰ کہ کبھی کبھی توصارفین ایس ایم ایس بھی نہیں کر پاتے۔

ماہرین نے تحقیق سے دریافت کیا کہ پرانے موبائل فون کی نسبت اسمارٹ فونز دس گنا مضبوط سگنلوں پر بھی ان جیسی کارکردگی نہیں دکھاتے جبکہ پرانے فون دس گنا کمزور سگنلز پر بھی کال یا ایس ایم ایس کرنے میں اسمارٹ فون سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

آف کام کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے ماہرین نے محدود تعداد میں موبائل فونز پر تجربات کیے۔ ہم تحقیق میں موبائل فونز کی درجہ بندی نہیں کرنا چاہتے تھے، ہمارا مقصد یہ جاننا تھا کہ مختلف جگہوں پر پرانے فون اور آج کے اسمارٹ فون کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ کسی بھی جدید اسمارٹ فون نے دوسرے جدید اسمارٹ فون سے بہتر کارکردگی نہیں دکھائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔