گرئن لائن بس منصوبہ؛ عبدالستار ایدھی انٹر چینج کا افتتاح کر دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 20 جون 2017
شہر کی ترقی دراصل ملکی ترقی کی ضمانت ہے،محمد زبیر، افتتاح میں میئر،مصطفی کمال و دیگر بھی شریک ہوئے۔ فوٹو : اے پی پی

شہر کی ترقی دراصل ملکی ترقی کی ضمانت ہے،محمد زبیر، افتتاح میں میئر،مصطفی کمال و دیگر بھی شریک ہوئے۔ فوٹو : اے پی پی

 کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے وفاقی حکومت کے تعاون سے تعمیر ہونے والے گرین لائن بس منصوبہ کے تحت میٹرک بورڈ آفس ناظم آباد پر تعمیر ہونے والے عبد الستار ایدھی انٹر چینج کاافتتاح کردیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کااقتصادی حب ہے یہاں کی تجارتی، اقتصادی، معاشی اور سماجی سرگرمی کا ملکی معیشت پر براہ راست اثر پڑتا ہے، کراچی کی ترقی ہر ایک کا وژن ہے، شہر کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے، اس موقع پر شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی اس بات کی واضح عکاس ہے کہ سب کراچی کو اون کرتے ہیں،امن وامان کے قیام کے بعد ترقیاتی منصوبے شہر کی ضرورت ہیں، اس ضمن میں وفاقی حکومت کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سفری، صحت، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کے مختلف منصوبوں پر بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ گرین لائن کراچی کے شہریوں کے لیے سستی، آرام دہ اور سہل سفری سہولیات کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے شہر سے ٹریفک کا دباؤ کم اور آرام دہ سفری سہولیات سے عوام محظوظ ہو سکیں گے۔ اس انٹر چینج کو عظیم سماجی رہنما کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

گورنر سندھ نے انٹر چینج کا تفصیلی معائنہ بھی کیا، علاوہ ازیں لیاری ایکسپریس وے کے دورے کے دوران شمالی ٹریک کے تعمیراتی کام کے معائنہ کے دوران گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والے1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر قائم تجاوزات کا خاتمہ خوش آئند ہے۔ اکتوبر میں اس حصہ کی تعمیر ہونے سے لیاری ایکسپریس وے منصوبہ مکمل ہوجائے گا ،ٹریک کے راستہ میں حائل تجاوزات کے باعث منصوبہ غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوا جس کی وجہ سے تاحال عوام کو منصوبہ کے بھرپور ثمرات حاصل نہ ہو سکے۔

اس موقع پر گورنر سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے کے رہ جانے والے1.4 کلومیٹر کے شمالی حصہ پر ضلع وسطی اور ضلع غربی کی انتظامیہ کے تعاون سے قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے، منصوبے کی تکمیل میں تجاوزات غیر معمولی تاخیر کا سبب بنی۔

گورنر نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے شمالی حصہ کی تکمیل سے شہریوں کو آمدو رفت کی بہترین سہولتیں فراہم ہوں گی جبکہ شہر سے ٹریفک جام کے خاتمہ اور ٹریفک کے بہاؤ میں بھی مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔