ورلڈ ہاکی لیگ؛ پاکستان نے کامیابی کا ذائقہ چکھ لیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 20 جون 2017
 عرفان جونیئر، ارسلان اور بلال نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ فوٹو : فائل

عرفان جونیئر، ارسلان اور بلال نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  پاکستان ہاکی ٹیم کی کھوئی ہوئی فارم واپس لوٹ آئی، ایف آئی ایچ  ورلڈ  لیگ سیمی فائنل مقابلوں میں اسکاٹ  لینڈ کو ایک کے مقابلے میں3 گول سے ہرادیا

لندن میں جاری پاکستان ہاکی ٹیم نے  ایف آئی ایچ  ورلڈ لیگ سیمی فائنل مقابلوں کے ابتدائی3 میچوں میں  ناکامی کے بعد فتح کا مزہ چکھ ہی لیا، عالمی رینکنگ میں 23 ویں نمبر پر براجمان اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں 3 گول سے بازی اپنے نام کی۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے ابتدائی میچ میں پاکستان کو ہالینڈ کے ہاتھوں4-0 سے شکست  کا سامنا رہا، دوسرے میچ میں کینیڈا نے 6-0 جبکہ تیسرے میچ میں بھارت نے بھی گرین شرٹس کو 7-1 سے زیر کیا۔

گزشتہ روز کوئین ایلزبتھ پارک لندن میں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹاکرا ہوا تو آغاز میں ہی اسکاٹ لینڈ نے جارحانہ انداز اپنا کر پاکستان کی دفاعی لائن کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں اور 13ویں منٹ میں وی ایڈمز کے ذریعے ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے  گیند کو جال کے اندر پھینکنے کی بھر پور کوشش کی لیکن فاروڈز اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکے۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان ٹیم کی کھوئی ہوئی فارم لوٹ آئی اور گرین شرٹس نے15منٹ کے کھیل میں2 گول کرکے میچ میں2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ 34ویں منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف سائیڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب  ہوگئی، محمد عرفان جونیئر نے ساتھی کھلاڑی کے پاس  پر گول کرکے مقابلہ1-1سے برابر کردیا، صرف 8 منٹ کے بعد پاکستانی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہوگئی، اس بار محمد ارسلان قادر نے کوئی غلطی کیے بغیر گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینک کر اسکور 2-1 کردیا۔

آخری کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں پاکستانی ٹیم ایک بار پھر پنالٹی کارنر لینے میں سرخرو رہی، محمد علیم  بلال نے بھی گول کرکے حریف سائیڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں3 گول کی برتری حاصل کرلی، کھیل کے آخری 14 منٹوں میں دونوں ٹیمیں بھر پور کوشش کے باوجود مزیدگول  کرنے میں کامیاب نہ  ہوسکیں۔

میچ کے دوران امپائرز کی طرف سے اسکاٹ لینڈ کو3 جبکہ پاکستان کو ایک  بار گرین کارڈ دکھایا گیا۔ اس طرح پاکستان نے اس ٹورنامنٹ میں ہالینڈ، کینیڈا اور بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکستوں کے بعد اسکاٹ لینڈ جیسی نسبتاً کمزور ٹیم کو شکست دے ہی دی اور اس فتح کے بعد اب اس کے کوارٹر فائنل اور ورلڈ کپ کھیلنے کی امید باقی ہے۔

واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کا منگل کو کینیڈا سے مقابلہ ہونا ہے اگر کینیڈا نے اسے شکست دے دی تو پاکستان کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے گا لیکن اگر اسکاٹ لینڈ یہ میچ جیت گیا تو پھر ناصرف پاکستان کوارٹر فائنل سے باہر ہوجائے گا بلکہ آئندہ برس بھارت میں ہونے والے عالمی کپ میں اس کی رسائی بھی انتہائی دشوار ہوجائے گی کیونکہ پاکستان کو میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کے لیے ستمبر میں ایشیا کپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ہوگی۔

اس ٹورنامنٹ میں مضبوط بھارت، جنوبی کوریا ، ملائیشیا اور جاپان جیسی ٹیموں کے خلاف پاکستان کا فائنل جیتا مشکل ہوگا، ادھر اسکاٹ لینڈ کینیڈا کے بعد منگل کو لیگ کے مزید 3 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ بھارت کا مقابلہ ہالینڈ کے ساتھ ہوگا، چین کی ٹیم  ملائیشیا کے خلاف نبرد آزما ہوگی جبکہ آخری میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کوریا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔