چیمپئنز ٹرافی فتح، قومی ٹیم ٹریک پر واپس آگئی، آفریدی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 20 جون 2017
آئندہ کوئی بھی گرین شرٹس کو ترنوالہ سمجھنے کی غلطی نہیں کریگا، اسٹار آل راؤنڈر کا کالم۔ فوٹو : فائل

آئندہ کوئی بھی گرین شرٹس کو ترنوالہ سمجھنے کی غلطی نہیں کریگا، اسٹار آل راؤنڈر کا کالم۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  شاہد آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کی فتح کو امید کی کرن قرار دیدیا۔

شاہد آفریدی نے آئی سی سی کے لیے اپنے کالم میں پاکستان ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی  پر قبضہ جمانے کو روشن مستقبل کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیا ہے، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس نے ایونٹ میں جس طرح کم بیک کیا، شائقین مدتوں فراموش نہیں کرسکیں گے، خاص طور پر فائنل میں بھارت کیخلاف کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں حسن علی،فخر زمان،شاداب خان کی کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیلنٹ کے حوالے ایک زرخیز زمین ہے،سرفراز احمد کی جرأت مندانہ قیادت بھی ٹیم کو عروج کی جانب لیجانے کے لیے اہم قدم ثابت ہوگی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت کیخلاف میگا ایونٹس میں اچھی کارکردگی کا ریکارڈ نہ ہونے کو خاطر میں لائے بغیر تمام کھلاڑی بڑی بے خوف کرکٹ کھیلے اور حریف کو دباؤ کا شکار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ابتدا میں فخرزمان کے اسٹروکس نہیں لگ رہے تھے تو اظہر علی نے سینئر کی ذمہ داری اٹھاتے ہوئے خود تیزی سے رنز بنائے، دباؤ سے نکلنے پر نوجوان اوپنر نے بھی اپنا حق ادا کردیا،بعد میں آنے والے بیٹسمینوں نے بھی رنز کی رفتار میں فرق نہیں آنے دیا، خاص طور پر بھارتی اسپنرز کو لاجواب کردیا۔

سابق آل راؤنڈ نے کہا کہ بھارتی بیٹنگ لائن کو دباؤ میںلانے کا واحد طریقہ یہی تھا کہ ٹاپ آرڈر کا صفایا جلد کردیا جائے،محمد عامر نے اوپنر روہت شرما اورکپتان ویرات کوہلی کو جادوئی گیندوں سے پویلین بھیج کر یہ مقصد پورا کردیا، شاداب خان اور حسن علی نے بھی وکٹیں اڑاتے ہوئے فتح کا سفر آسان کردیا، اس کارکردگی کے بعد آئندہ کوئی گرین شرٹس کو ترنوالہ سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔