دکان سے اپنے لیے خود کھانا لانے والا کتا

ویب ڈیسک  اتوار 25 جون 2017
یہ کتا صرف اپنے لیے ہی نہیں بلکہ اپنے مالک کے دوسرے پالتو جانوروں کےلیے بھی دکان سے کھانا لاتا ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

یہ کتا صرف اپنے لیے ہی نہیں بلکہ اپنے مالک کے دوسرے پالتو جانوروں کےلیے بھی دکان سے کھانا لاتا ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

ساؤ پالو: برازیل میں ایک شخص نے اپنے کتنے کو اس انداز سے تربیت دی ہے کہ وہ قریبی دکان پر جاکر اپنے لیے خود ہی کھانے کا سامان لے کر آجاتا ہے البتہ بل کی ادائیگی اس کے مالک ہی کو کرنا پڑتی ہے۔

پٹوکو نامی یہ کتا بہت سمجھدار ہے اور روزانہ ایک مقررہ وقت پر نزدیکی دکان چلا جاتا ہے جہاں پالتو جانوروں کےلیے کھانے پینے کی چیزوں کے علاوہ بھی دوسرا سامان فروخت ہوتا ہے۔

دکان پر موجود سیلزمین کا کہنا ہے کہ پٹوکو کا کھانا اوپر والے شیلف میں رکھا ہوتا ہے جہاں تک وہ نہیں پہنچ سکتا۔ اس لیے یہ اُس شیلف کے سامنے پہنچ کر بھونکنا شروع کردیتا ہے تاکہ دکان پر موجود کوئی ملازم اس کےلیے یہ سامان اتار دے چونکہ وہاں سب لوگ ہی اس کتے کو پہچانتے ہیں اس لیے پٹوکو کا مطلوبہ سامان اوپری شیلف پر سے اتار کر خاص طرح کے مضبوط کاغذی تھیلے میں ڈالا جاتا ہے اور اس کے دانتوں میں تھما دیا جاتا ہے۔

پٹوکو مالک کا وفادار ہونے کے ساتھ سعادت مند بھی ہے کیونکہ بعض اوقات اس کا مالک اسے دوسرے پالتو جانوروں کے لیے بھی کچھ اضافی سامان لانے کے لیے پرچی تھما دیتا ہے جسے دانتوں میں دبائے ہوئے یہ اسٹور پہنچ جاتا ہے اور سیلزمین کے سامنے رکھ دیتا ہے اس طرح یہ اپنے علاوہ دوسرے پالتو جانوروں کا کھانا ایک تھیلے میں پیک کروا کر لے آتا ہے۔

پالتو جانوروں کا سامان بیجنے والا یہ اسٹور پٹوکو سے اتنا متاثر ہوا ہے کہ اس نے برازیلی زبان میں اس کی پوری ویڈیو بنا کر اپنے فیس بک پیج پر ڈال دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔