بڑے سر کی پراسرار بیماری میں مبتلا بھارتی بچی انتقال کرگئی

ویب ڈیسک  منگل 20 جون 2017
رونا بیگم پیدائشی طور پر ہائیڈرو سفالی نامی بیماری کا شکار تھی جس میں دماغ کے پردوں میں پانی آجاتا ہے—فوٹو: اے ایف پی

رونا بیگم پیدائشی طور پر ہائیڈرو سفالی نامی بیماری کا شکار تھی جس میں دماغ کے پردوں میں پانی آجاتا ہے—فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: بھارتی بچی رونا بیگم جس کا سر پراسرار بیماری کی وجہ سے معمول سے دوگنا تک بڑا ہوگیا تھا اپنی سرجری سے چند روز قبل اچانک انتقال کرگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رونا بیگم کے گھر والوں نے بتایا کہ اچانک رونا کی سانس اکھڑنے لگی۔ رونا بیگم کی والدہ فاطمہ بیگم نے بتایا کہ جب رونا کی طبیعت بگڑنے لگی تو انہوں نے اپنے شوہر کو فون کیا اور فوراً گھر آنے کا کہا۔ انہوں نے بتایا کہ رونا گھر میں تھی اور بالکل ٹھیک تھی تاہم اچانک اس کی سانس اکھڑ گئی اور وہ انتقال کرگئی۔

خیال رہے کہ رونا بیگم پیدائشی طور پر ہائیڈرو سفالی نامی بیماری کا شکار تھی جس میں دماغ کے پردوں میں پانی آجاتا ہے، اس بیماری کی وجہ سے رونا کا سر عام بچوں کے مقابلے میں دوگنا تک بڑا ہوگیا تھا۔ سوجن کی وجہ سے رونا کے سر کا قطر 37 انچ تک بڑھ گیا تھا۔

2013 میں  بچی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد نئی دہلی کے ایک اسپتال نے اس کے مفت علاج کا اعلان کیا۔ سر کے وزن کی وجہ سے رونا کے لیے سیدھا بیٹھنا بھی ممکن نہیں تھا جب کہ رونا کا علاج مسلسل جاری تھا اور اب تک اس کی کئی سرجریز بھی ہوچکی تھیں جس کے بعد اس کی حالت میں کچھ بہتری بھی آئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔