نظام شمسی سے باہر زمین جیسے 219 سیارے دریافت

ویب ڈیسک  بدھ 21 جون 2017
اگر پانی مائع شکل میں موجود ہوا تو ان سیاروں پر زندگی ہوسکتی ہے، ناسا — فوٹو : ناسا

اگر پانی مائع شکل میں موجود ہوا تو ان سیاروں پر زندگی ہوسکتی ہے، ناسا — فوٹو : ناسا

کیلی فورنیا: امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے سیاروں کی دریافت کے لیے بھیجے گئے خلائی مشن کیپلر نے نظام شمسی سے باہر مزید 219 سیارے دریافت کرلیے ہیں جن میں سے کم سے کم 10 سیارے ایسے ہیں جو زمین جیسے ہیں اور زندگی کے لیے موزوں ہوسکتے ہیں۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کے سربراہ ماریو پیریز نے کیلیفورنیا کے ایمز ریسرچ سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نئے دریافت ہونے والے سیاروں میں سے 10 سیارے زمین سے مماثلت رکھتے ہیں جن کی سطح پتھریلی ہے اور وہ اپنے ستارے سے اتنے فاصلے پر چکر لگارہے ہیں کہ اگر وہاں پانی موجود ہوا تو مائع شکل میں ہوگا، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ وہاں زندگی ہوسکتی ہے۔

ان نئے 219 سیاروں کی دریافت کے بعد کیپلر خلائی مشن کے دریافت کردہ سیاروں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 34 ہوگئی ہے جن میں سے 2 ہزار 335 کی بطور سیارہ تصدیق ہوچکی ہے۔ اس مشن کے تحت زمین سے مشابہت رکھنے والے 30 سیارے بھی دریافت کیے جاچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔