برسلز میں ریلوے اسٹیشن پر خود کش دھماکا، حملہ آور مارا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 21 جون 2017
برسلز ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکار حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

برسلز ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکار حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

برسلز: یورپی ملک بیلجیئم کے دارالحکومت میں خود کش دھماکا ہوا تاہم کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برسلز کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر ایک حملہ آور نے مسافروں کے ہجوم میں بارود سے بھرے سوٹ کیس کو دھماکے سے تباہ کرنے کی کوشش کی، تاہم معمولی سا دھماکہ ہوا اور سوٹ کیس پھٹ نہیں سکا لیکن اس نے آگ پکڑ لی۔ صورت حال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے مسافروں نے محفوظ مقامات کی طرف دوڑ لگائی جب کہ حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ایک فوجی نے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ اس دوران سوٹ کیس میں دوسری بار زیادہ زوردار دھماکہ ہوا تاہم واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

بیلجیم کی انسداد دہشت گردی پولیس نے اسے دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ حملہ آور کی شناخت بھی کرلی گئی ہے جو مراکشی شہری تھا۔ حکام نے بتایا کہ یہ سوٹ کیس کیلوں اور گیس کی بوتلوں سے بھرا ہوا تھا۔

برسلز میں گزشتہ برس مارچ میں داعش کے حملوں میں 32 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔