رحمتوں کی برسات

شب قدر کا تعین نہ کرنے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے بہتری ہے۔ فوٹو: فائل

شب قدر کا تعین نہ کرنے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے بہتری ہے۔ فوٹو: فائل

’’یقینا ہم نے (قرآن حکیم) کو شب قدر میں نازل فرمایا، تُو کیا سمجھے کہ شب قدر کیا ہے، شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اس میں ہر کام کے سرانجام دینے کو اپنے رب کے حکم سے فرشتے اور روح (جبرائیلؑ) اترتے ہیں، یہ رات سراسر سلامتی کی ہوتی ہے اور فجر کے طلوع ہونے تک رہتی ہے۔‘‘ (سورۃ القدر)

عربی میں قدر کے معنی تقدیر، حکم، عظمت، بڑائی اور عزت کے ہیں۔ شب قدر میں اللہ تعالیٰ نے ایک بڑی قدر و منزلت والی کتاب رسول کریمؐ پر نازل فرمائی۔

سیدنا انسؓ روایت کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ رمضان المبارک کا مہینہ آیا تو رسول کریمؐ نے فرمایا: ’’ تمہارے اوپر ایک مہینہ آیا ہے جس میں ایک رات ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے، جو شخص اس رات سے محروم رہ گیا، وہ یقینا ہر قسم کی بھلائی سے محروم رہ گیا۔‘‘

اللہ تعالیٰ نے شب قدر کی فضیلت کی چار وجوہات بیان فرمائی ہیں، نزول قرآن۔ ہزار ماہ سے افضل عبادت۔ نزول ملائکہ اور پوری شب امن و سلامتی۔ رسول کریمؐ کا فرمان عالی شان ہے: ’’شب قدر کو رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔‘‘ شب قدر کا تعین نہ کرنے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے بہتری ہے۔

اگر شب قدر کا بتا دیا جاتا تو پورا رمضان المبارک سستی اور غفلت میں گزرتا اور صرف شب قدر میں عبادت کی جاتی یا جس کی شب قدر بغیر عبادت کے گزر جاتی تو وہ باقی رمضان المبارک کے ایام دکھ اور افسوس میں گزارتا۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کی رحمت نے گوارا نہ کیا کہ اس عظمت والی رات کے معلوم ہونے کے بعد کوئی گناہ پر جرأت کرے کیوں کہ اس شب پر ہزار مہینوں کی عبادت کا ثواب ملتا ہے۔ مومن شب قدر کی تلاش میں ہر وقت عبادت و ریاضت میں اعتکاف کرتا ہے اور زیادہ سے زیادہ وقت اللہ تعالیٰ کی بندگی و عبادت میں گزارتا ہے۔

بخاری شریف میں حضرت ابوہریرہؓ کی روایت ہے کہ رسول کریم ؐ نے فرمایا: ’’ جو شخص شب قدر میں ایمان کے ساتھ اور اللہ کے قرب اور اجر کی خاطر کھڑا رہا (عبادت کی غرض سے) اس کے پچھلے تمام گناہ معاف ہوگئے۔‘‘

محدثین نے لکھا ہے کہ اس رات گرمی ہوتی ہے اور نہ زیادہ سردی۔ اس رات میں شہاب ثاقب نہیں ٹوٹتے، اس رات کی صبح کو سورج طشت کی طرح طلوع ہوتا ہے۔ یعنی اس کی شعاعیں نہیں ہوتیں اور اس طرح ہوتا ہے کہ سورج نہیں بل کہ جیسے کہ چودھویں کا چاند ہے۔ شیطان کے لیے روا نہیں کہ اس روز کے سورج کے ساتھ نکلے۔

مسلمانوں کو چاہیے کہ اس رات غفلت نہ کریں۔ شب قدر رمضان المبارک کا نہایت ہی قیمتی تحفہ ہے۔ سیدہ عائشہ صدیقہؓ نے رسول کریمؐ سے عرض کیا، یارسول اللہ ﷺ اگر مجھے شب قدر کا پتا چل جائے تو کیا دعا مانگوں۔ حضورؐ نے فرمایا: ’’ یااللہ بے شک تو معاف کرنے والا ہے اور معاف کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے، پس تُو مجھے معاف فرما۔‘‘ (ابن ماجہ، ترمذی)

اہل ایمان کو اس رات میں جاگ کر نماز، تلاوت، درود شریف اور دعاؤں کا خوب اہتمام کرنا چاہیے۔ اس طرح ہر قسم کے اعمال کا ثواب حاصل ہوجائے گا۔ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کو ان قیمتی لمحات سے بھرپور استفادہ اور سعادت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔