کامیاب سپراسٹارز کے ناکام بہن بھائی

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جون 2017
سلمان خان کے دونوں بھائی فلم انڈسٹری میں مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہے،فائل فوٹو

سلمان خان کے دونوں بھائی فلم انڈسٹری میں مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہے،فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ میں نام کمانا اتنا آسان نہیں ہے اور کہا جاتا ہے کہ شوبز کی اس دنیا میں اپنا لوہا منوانے کے لئے بہترین اداکاری کے ساتھ مشہور والدین یا سپر اسٹار بہن بھائی کا ہونا ضروری ہوتا ہے اور جس کے پاس یہ سب کچھ نہ ہو اسے فلم نگری میں قدم رکھنے کے لئے بڑے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں لیکن اس کے باوجود بہت سے چہرے بڑے سپر اسٹارز کا سہارا ہونے کے باوجود جگمگ کرتی اس دنیا میں اپنا آپ منوانے میں ناکام رہتے ہیں۔

بالی ووڈ میں بہت سے ایسے لوگ آئے جو نامور شخصیات سے رشتے داری کے باوجود فلم انڈسٹری میں ناکام ہوئے۔ شوبز کے بہت سے کامیاب اداکار جن میں سلمان خان، کاجول اور انیل کپور شامل ہیں، کئی دہائیوں سے فلم انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں لیکن ان کے بہن بھائی فلموں میں خاص کامیابی حاصل نہیں کر پائے۔

سلمان خان، سہیل خان، ارباز خان

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو شوبزانڈسٹری پر حکمرانی کرتے ہوئے 25 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، کروڑوں دلوں پرراج کرنے والے سلو میاں کے دونوں بھائی ارباز اور سہیل خان ان کی طرح فلم انڈسٹری میں مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہے، کرئیر میں مسلسل فلاپ فلمیں دینے کے بعد دونوں نے اداکاری کی جگہ فلمسازی کے شعبے میں قسمت آزمائی۔طویل وقفے کے بعد سہیل خان ایک بار پھر سلمان خان کے ساتھ فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

کاجول، تنیشا مکھرجی

کاجول کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ کو متعدد بلاک بسٹرڈ فلمیں دیں اور آج بھی لوگ ان کی اداکاری کے دیوانے ہیں لیکن ان کی چھوٹی بہن تنیشا مکھرجی فلم انڈسٹری میں کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔ تنیشا نے فلمی کرئیرکا آغاز یش چوپڑا کی فلم ’’نیل اینڈ نکی‘‘ سے کیا جو باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوئی اور تنیشا کی پہلی فلم نے ہی ان کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا۔

عامر خان، فیصل خان

عامرخان کا شمار بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کی موجودگی ہی فلم کی کامیابی کی ضمانت ہے، لیکن ان کے بھائی فیصل خان شوبز انڈسٹری میں مقام نہ بنا سکے۔ ان کے کرئیرمیں فلم ’’میلہ‘‘ کے علاوہ اور کوئی قابل ذکرفلم شامل نہیں، فلموں میں ناکامی کا فیصل خان پر اتنا گہرا اثر ہوا کہ وہ شیزوفرینیا (اسکریزو فرینیا) نامی دماغی بیماری میں مبتلا ہو گئے، علاج کے بعد وہ ٹھیک تو ہو گئے لیکن پھر کسی فلم میں نظرنہیں آئے۔

شلپا شیٹھی، شمیتا شیٹھی

اپنی خوبصورت اداکاری سے لوگوں کے دل میں جگہ بنانے والی اداکارہ شلپا شیٹھی کی چھوٹی بہن شمیتا شیٹھی نے کرئیرکا آغاز فلم ’’محبتیں‘‘ سے کیا، یہ فلم تو کامیاب ہو گئی لیکن شمیتا کا کیرئیر فلاپ رہا فلم’’محبتیں‘‘ کے بعد اداکارہ شمیتا کوئی اورہٹ فلم نہ دے سکیں اور فلم نگری سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

انیل کپور، سنجے کپور

گزشتہ 3 دہائیوں سے بالی ووڈ کو کئی مقبول فلمیں فراہم کرنے والے اداکار انیل کپورکے چھوٹے بھائی سنجے کپور نے بھی شوبز انڈسٹری میں اپنی قسمت آزمائی لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ سنجے کپور نے شوبز کی مقبول ترین اداکاراؤں مادھوری ڈکشٹ اور سشمیتا سین کے ساتھ بھی کام کیا لیکن اس کے باوجود شائقین کو متاثر نہ کر پائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔