افغانستان میں بینک پر کار بم حملہ، 34 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جون 2017
کار بم دھماکے میں مرنے والوں کی بڑی تعداد افغان پولیس اہلکاروں اور فوجیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

کار بم دھماکے میں مرنے والوں کی بڑی تعداد افغان پولیس اہلکاروں اور فوجیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

کابل: افغانستان کے صوبہ ہلمند کے شہر لشکر گاہ میں بینک کی ایک شاخ پر خود کش کار حملے میں 34 افراد ہلاک جبکہ 60 کے قریب افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا رپورٹوں کے مطابق لشکر گاہ میں نیو کابل بینک کی مقامی شاخ کے باہر ایک کار میں خوفناک بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر کم از کم 29 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی تھی تاہم اب یہ تعداد 34 تک پہنچ گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں افغانی سویلین اداروں کے علاوہ مقامی پولیس اور افغان فوج کے اہلکار زیادہ تعداد میں شامل ہیں۔

یہ دھماکا ممکنہ طور پر خودکش ہوسکتا ہے کیونکہ عینی شاہدین کے مطابق یہ کار بینک کے قریب اچانک آ کر رکی تھی۔

واضح رہے کہ عید کی چھٹیاں نزدیک ہونے اور عید بونس کے باعث بینک پر رقوم نکلوانے کےلیے بڑی تعداد میں مقامی پولیس، فوج اور سویلین اداروں کے ملازمین قطاریں لگائے ہوئے موجود تھے۔

اب تک کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہلمند کے بیشتر علاقوں پر افغان طالبان کا اثر و رسوخ بہت بڑھ چکا ہے تاہم لشکر گاہ ابھی تک افغان حکومت ہی کے کنٹرول میں ہے اس لیے ممکنہ طور پر یہ کارروائی افغان طالبان کی جانب سے ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔