قومی جونیئراسنوکر: بلوچستان کی شرکت کا امکان کم

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 2 فروری 2013
مثبت جواب آنے پر آئندہ ماہ کراچی میں انڈو پاک سیریز کا انعقاد کریں گے۔  فوٹو : فائل

مثبت جواب آنے پر آئندہ ماہ کراچی میں انڈو پاک سیریز کا انعقاد کریں گے۔ فوٹو : فائل

 5ویں قومی جونیئر انڈر21 اسنوکر چیمپئن شپ پیر سے کراچی میں شروع ہوگی، اس حوالے سے پریس کانفرنس میں پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا کہ9 فروری تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ملک بھرسے 24کیوئسٹ مدعو تاہم بلوچستان کی شرکت کاامکان کم ہے۔

دونوں فائنلسٹ یکم اپریل سے بھارت کے شہر اندور میں ہونے والی 14ویں ایشین انڈر21 اسنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کریں گے،انھوں نے کہا کہ پاکستان 27 اپریل سے3 مئی کراچی میں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کا میزبان ہوگا جبکہ رواں سال ہمارے کیوئسٹ مختلف انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کریں گے، محمد آصف کو نومبر میں چین میں ہونے والی عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کرنا ہے،ایک سوال پر عالمگیر شیخ نے کہا کہ عالمی اسنوکر چیمپئن تاحال اعلان کردہ انعامات سے محروم ہیں۔

پی ایس بی نے ایسوسی ایشن کی 10 لاکھ روپے سالانہ گرانٹ میں صرف ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا ہے، اس پر صدر و اور وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو احتجاجی خطوط تحریر کیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تحت ملک میں نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے اکیڈمی کا نقشہ منظور ہو گیا جبکہ چاروں صوبوں میں انڈر15 ٹورنامنٹس ہوں گے۔

عالمگیر شیخ نے کہا کہ اگر بھارت نے مارچ میں کراچی میں سیریز کی پیشکش ٹھکرا دی تو بھی پاکستان اپریل میں ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے وہاں جائے گا، البتہ پڑوسی ملک سے مثبت جواب آنے پر کراچی میں 7 سے11 مارچ کے ایم سی انڈو پاک اسنوکر سیریز منعقد ہوگی، ہمارے بھارتی اسنوکر فیڈریشن سے بہتر تعلقات ہیں،اس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ کیپٹن موہن سے ہمارا مسلسل رابطہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔