متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ ویڈیو اور وائس کال فیچرز اچانک بحال

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جون 2017
یو اے ای میں صرف منتخب سروس پرووائیڈرز کو ہی ویڈیو اور وائس کال فیچرز فراہم کرنے کی اجازت ہے —  فوٹو : فائل

یو اے ای میں صرف منتخب سروس پرووائیڈرز کو ہی ویڈیو اور وائس کال فیچرز فراہم کرنے کی اجازت ہے — فوٹو : فائل

دبئی: متحدہ عرب امارات میں رہنے والے شہریوں میں اُس وقت اچانک خوشی کی لہر دوڑ گئی جب انہیں معلوم ہوا کہ پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ کے ویڈیو اور وائس کال فیچرز بحال ہوگئے ہیں۔

یو اے ای میں واٹس ایپ سمیت کسی بھی کمپنی کو ویڈیو اور وائس کالز کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت نہیں اور وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (وی او آئی پی) کو استعمال کرتے ہوئے کی جانے والی ویڈیو اور وائس کالز بلاک تھیں۔

جب یو اے ای کے شہریوں کو معلوم ہوا کہ اب وہ واٹس ایپ کے ذریعے ویڈیو کالز بھی کرسکتے ہیں تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی اور انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس خوشخبری کو شیئر کیا تاکہ کوئی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے سے محروم نہ رہ جائے۔

https://twitter.com/simaelamine/status/877765196361551872

 

عرب اخبار کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے مذکورہ فیچرز بحال ہونے کے بعد یو اے ای کے شہری اتصلات اور دیگر نیٹ ورکس پر ویڈیو کالز کرنے کے اہل ہوگئے جب کہ وائی فائی استعمال کرنے والے صارفین بھی اس سے مستفید ہورہے ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ واٹس ایپ کے یہ فیچر مستقل طور پر بحال ہوگئے ہیں یا پھر کچھ دنوں بعد بند ہوجائیں گے کیوں کہ وی او آئی پی سروسز کے حوالے سے حکومت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور ساتھ ہی ان فیچرز کے بحال ہونے کے حوالے سے واٹس ایپ کی جانب سے بھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔