25 جون کو عید کرنا غیر اسلامی ہوگا، مذہبی اسکالرز

ویب ڈیسک  جمعـء 23 جون 2017
 ہفتہ 24 جون کو پاکستان میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کا امکان نہیں،محکمہ موسمیات ۔ فوٹو: فائل

ہفتہ 24 جون کو پاکستان میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کا امکان نہیں،محکمہ موسمیات ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسجدِ قاسم پشاور کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہفتہ 24 جون کو عیدالفطر کا چاند دیکھنے کی تیاریاں کررہے ہیں تاہم ملک کے معروف مذہبی اسکالرز نے متفقہ طور پر اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اتوار 25 جون کو عیدالفطر منانا غیر اسلامی ہوگا۔

ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق پاکستان کے تمام علاقوں میں لوگوں نے 28 مئی سے روزے رکھنا شروع کیے تھے تاہم اس کے برعکس صوبہ خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں لوگوں نے مفتی پوپلزئی کی تقلید کی تھی اور ایک دن پہلے روزے شروع کیے تھے۔

اب جب کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شوال کا چاند دیکھنے کے لیے 29 رمضان یعنی 25 جون کو ہونے جارہا ہے وہیں عین ممکن ہے کہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں ایک دن پہلے عید کرلی جائے۔ چاند کی رویت کے معاملے پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کو ممکنہ تصادم سے بچانے کے لیے مذہبی علماء میدان میں آگئے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے حکام نے واضح طور پر یہ کہہ دیا ہے کہ اتوار 25 جون کو عیدالفطر منانا غیر اسلامی ہوگا۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے بتایا کہ دیگر صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے لوگ بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ ماننے کے لیے تیار ہیں لیکن خیبر پختونخوا کا ایک چھوٹا سا ٹولہ ہے جو مخالفت پر اترا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاند کی رویت کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات بھی اعلان کرچکا ہے کہ ہفتہ 24 جون کو پاکستان میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مذہبی اسکالرز نے کہا کہ ایک مخصوص مذہبی گروپ رمضان المبارک اور عید الفطر کے معاملے پر ہر سال مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتا ہے حالانکہ یہ گروپ سال کے کسی اور چاند کی رویت پر کبھی کوئی اعتراض نہیں کرتا۔

معروف مذہبی اسکالر مفتی سعید نے کہا کہ شوال کا چاند دیکھے بغیر اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے سرکاری اعلان کے بغیر عید الفطر منانا غیر اسلامی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کو غیر متحد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

دوسری جانب دارالعلوم حقانیہ کے منتظم مفتی مختار اللہ کہتے ہیں کہ پوپلزئی کمیٹی  یا مرکزی رویت ہلال کمیٹی، دونوں کے اعلان پر عید کرنا اسلامی ہوگا البتہ عید کرنے کی شرط چاند کی رویت ہے۔ انہوں نے کہا وہ سائنس کو نہیں مانتے کیوں کہ اس کے نظریات ہمیشہ تبدیل ہوتے رہتے ہیں اور وہ چاند کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر عید کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔