کراچی میں اصل تباہی بھتہ خوری کی وجہ سے ہورہی ہے :ثناء اللہ

مانیٹرنگ ڈیسک  ہفتہ 2 فروری 2013
فوج پولیسنگ کا کام نہیں کرسکتی:فیصل سبزواری’’ٹودی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

فوج پولیسنگ کا کام نہیں کرسکتی:فیصل سبزواری’’ٹودی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لیے وہاں کی تینوں سیاسی پارٹیوں کو کسی ایک شخص کا انتخاب کرنا ہوگا جس پر سب کو اعتماد ہو۔

کراچی میں روٹین کے جرائم ایک طرف اصل تباہی بھتہ خوری کی وجہ سے ہورہی ہے ۔ جمعے کو ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’ٹودی پوائنٹ‘‘ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ آج سے چند ماہ قبل ذوالفقار مرزا حقائق بیان کررہے تھے اورپیپلزپارٹی والے ان کی تائید کرتے تھے لیکن اب شاید ان کو سمجھ آگئی ہے کہ ہم نے ایک دوسرے کے خلاف بات نہیں کرنی، اب ذوالفقار مرزاکی تائید کی باتیں ختم ہوگئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر بلوچستان میں گورنر راج لگ سکتا ہے تو سندھ میں بھی آئین کی حدود میں رہ کر کسی ایک شخص کو اختیارات سونپے جاسکتے ہیں ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی، جرائم اور بدامنی پرانا سلسلہ ہے، کراچی میں سازشیں چلتی رہتی ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ کوئی بھی حکومت نہیں چاہتی کہ کراچی کے حالات خراب ہوں ۔

10

پنجاب اور سندھ کے حالات کا جائزہ لیا جائے تو جرائم میں کوئی زیادہ فرق نہیں ہے۔ اے این پی کے رہنما حاجی عدیل نے کہا کہ ہم تو حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ ہمارے نقش قدم پر چلے ۔کراچی میں فوج کے ذریعے امن قائم کرلیا جائے کیونکہ ہم نے آئین کے مطابق سوات میں فوج کا آپریشن کرایا اور امن ہوا لیکن حکومت ہماری اس تجویز کو مان ہی نہیں رہی۔

فوج کوبلانا چاہیے اور گھر گھر تلاشی ہونی چاہیے اور سارا اسلحہ قبضے میں لینا چاہیے۔ایم کیوا یم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہاکہ کراچی کے لوگوں کو امن چاہیے، جب ڈیڑھ برس قبل الطاف بھائی نے کہا تھا کہ فوج آئے اور امن قائم کرے تو سب نے ان کی بات کو غیر مناسب کہا تھا لیکن اب بھی اگر آئین میں رہ کر امن کے لئے کچھ کرنا ہے تو ٹھیک ہے ۔فوج پولیسنگ کا کام نہیں کرسکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔