فیس بک کے بانی کی افطار میں شرکت

ویب ڈیسک  جمعـء 23 جون 2017
مارک زکر برگ نے امریکا میں صومالی مہاجرین کے گھر افطاری کی — فوٹو : فیس بک

مارک زکر برگ نے امریکا میں صومالی مہاجرین کے گھر افطاری کی — فوٹو : فیس بک

منی سوٹا: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے امریکا میں  صومالی مہاجرین کے ساتھ زندگی میں پہلی بار افطاری کی اور کہا کہ وہ ان لوگوں کی ہمت سے متاثر ہوئے ہیں جنہوں نے ایک غیر مانوس ملک میں نئی زندگی شروع کی۔

مارک زکربرگ نے امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منی پولس میں صومالی مہاجرین کے گھر پر افطاری کی تصویر فیس بک پر بھی پوسٹ کی اور لکھا کہ انہوں نے زندگی میں پہلی بار افطار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مہاجرین کی ہمت کو داد بھی دی اور کہا کہ بطور مہاجر آپ کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کس ملک میں آپ کا آخری ٹھکانہ ہوگا۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ انہوں نے 26 برس مہاجر کیمپ میں گزارنے والے ایک شخص جو کہ اب امریکا میں مقیم ہے، یہ سوال کیا کہ کیا انہیں امریکا اپنے گھر جیسا لگتا ہے تو اس نے جواب دیا کہ گھر وہ جگہ ہوتی ہے جہاں آپ جو چاہیں وہ کرسکتے ہیں اور امریکا اپنے گھر جیسا لگتا ہے۔

آخر میں مارک زکر برگ نے اپنے میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے آخری ایام میں انہوں نے انتہائی خوشگوار دعوت کا اہتمام کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔