وہاب ریاض ایک میچ کھیل کر 1 کروڑ کے مالک

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 جون 2017
کوچنگ اسٹاف کے سوا دیگر آفیشلز کا انعام50 کے بجائے 25لاکھ روپے کردیا گیا۔ فوٹو : سوشل میڈیا

کوچنگ اسٹاف کے سوا دیگر آفیشلز کا انعام50 کے بجائے 25لاکھ روپے کردیا گیا۔ فوٹو : سوشل میڈیا

 لاہور: چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ میں شامل وہاب ریاض ایک میچ کھیل کرایک کروڑ کے مالک بن گئے جبکہ حارث سہیل بھی بغیرکوئی گیند کھیلے مالامال ہوئے۔

وفاقی حکومت نے چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ کیلیے انعامی رقم کا نوٹیفکیشن جاری کیا تو 15کرکٹرز کو ایک کروڑ فی کس اور آفیشلز کو 50،50لاکھ دینے کا اعلان ہوا، مگر اگلے روز ہی اس میں ترمیم کرکے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، صرف ایک میچ میں بھارتی بیٹسمینوں کے ہاتھوں پٹائی کے بعد انجرڈ ہوکر وطن واپس آنیوالے وہاب کو بھی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ شخصیت کی سفارش پر پیسر کا نام بھی ڈال دیا گیا، عمر اکمل بدقسمت رہے کہ ایک میچ بھی کھیلے بغیر ان فٹ قرار دیکر واپس بھیج دیے گئے تھے، ان کی جگہ شامل کیے جانے والے حارث سہیل بھی بغیر کھیلے واپس آگئے لیکن ایک کروڑ کے حقدار بن گئے۔

واضح رہے کہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے دیے جائینگے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر،فٹنس اینڈ فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن، فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور بولنگ کوچ اظہر محمود کو 50,50لاکھ روپے اکاؤنٹ میں منتقل کرانے کا موقع ملے گا جبکہ منیجرطلعت علی، میڈیا منیجر رضا راشد، سوشل میڈیا منیجرعون زیدی، انچارج ٹور آپریشنزشاہد اسلم، اینالسٹ محمد طلحہٰ،سیکیورٹی منیجر اظہر عارف، فزیو شان ہیز اور مساجر ڈونلڈ ڈیو البرٹ کو 25، 25لاکھ دیے جائیں گے، پہلے انھیں اس کی دگنی رقم دینے کا اعلان ہوا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم کی سپلیمنٹری گرانٹ سے قومی کرکٹرز اور آفیشلز کے الگ الگ چیک ٹیکس منہا کرکے انفرادی طور پر دیے جائیں گے، غیر ملکی کوچز اور معاون اسٹاف کے چیک پی سی بی کو موصول ہونگے جو غیر ملکی کرنسی میں رقم ٹرانسفر کریگا۔

یاد رہے کہ انعامی رقم دینے کیلیے خصوصی تقریب کا اہتمام 5 جولائی کو وزیر اعظم ہاؤس میں کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔