کرکٹرز کی عمدہ کارکردگی پر ہاکی پلیئرز کے حوصلے بھی جواں ہو گئے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 جون 2017
بھارت کے خلاف میچ میں شاندار کم بیک کریں گے،عبدالحسیم خان کا عزم
 فوٹو: فائل

بھارت کے خلاف میچ میں شاندار کم بیک کریں گے،عبدالحسیم خان کا عزم فوٹو: فائل

 لاہور: قومی کرکٹرز کی کارکردگی ہاکی پلیئرز کے حوصلے بھی جواں کرنے لگی۔

کپتان عبدالحسیم نے ٹیم کو جنگجوؤں کا گروپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی طرح ہاکی پلیئرز بھی بھارت کے خلاف عمدہ کم بیک کریں گے۔

کوئین ایلزبتھ اولمپک پارک کے لی ویلے ہاکی اینڈ ٹینس سینٹر میں ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ قومی کرکٹر ہمارے لیے رول ماڈل ہیں، حال ہی میں ختم ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان ٹیم نے ابتدائی ناکامیوں کے بعد عمدگی کے ساتھ کم بیک کیا، پھر جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ اور بھارت جیسی دنیا کی ٹاپ ٹیموں کو زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا وہ تعریف کے قابل ہے، ہم بھی اسی جذبہ کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بھارت کے خلاف شاندار کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

130 انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عبدالحسیم خان نے کہاکہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلوں میں ناکامیوں کے باوجود ہمارے کھیل میں نمایاں بہتری آئی ہے تاہم دفاع کا شعبہ ہمارے لیے مسائل پیدا کر رہا ہے، اس میں بھی بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قومی کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہمیں صبر سے کام لینا چاہیے اور ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی کاکردگی کا مسلسل گرتے گراف کو دیکھتے ہوئے ارجنٹائن ٹیم کی طرف سے 300 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے والے اسٹار پلیئر میتھاس پریدیس کا کہنا تھا کہ اب دنیا کی ٹاپ ٹیموں کو پاکستان سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی اسکل بہتر ہو تاہم اب ان میں اسٹیمنا اور کوالٹی کی کمی ہے، گرین شرٹس کو ہاکی میں دوبارہ مقام بنانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، اس حوالے سے عبدالحسیم نے کہاکہ میں اس رائے سے اتفاق نہیں کرتا، ہمارے بہت سے کھلاڑی اب بھی50 سے 60منٹ میں مسلسل کھیل سکتے ہیں جبکہ اکثر ٹیمیں کھیل کے دوران اپنے پلیئرزکوگراؤنڈ سے باہر بلاتی رہتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔