کیا چندن کی واپسی ’کپل شرما شو‘ کو دوبارہ چار چاند لگاسکے گی؟

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 جون 2017

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

ممبئی: مشہور مزاحیہ بھارتی اداکار اور ’دی کپل شرما شو‘ میں چندو چائے والے کا کردار ادا کرنے والے چندن پربھارکر کے بارے میں پتا چلا ہے کہ وہ ایک بار پھر اس پروگرام کا حصہ بن گئے ہیں لیکن انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سوال کیا جارہا ہے کہ کیا چندن کی واپسی اس اسٹیج شو کو اس کی کھوئی ہوئی مقبولیت واپس دلا سکے گی یا نہیں۔

واضح رہے کہ کامیڈین کپل شرما کی میزبانی میں پیش کیا جانے والا اسٹیج پروگرام ’’دی کپل شرما شو‘‘ بے انتہا مقبولیت کے باعث کئی ماہ تک ریٹنگ چارٹس پر ٹاپ 5 میں شامل رہا لیکن اپریل میں کپل شرما اور ساتھی کامیڈین سنیل گروور کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد سنیل نے اس شو سے علیحدگی اختیار کرلی جبکہ بعد ازاں اس شو کے دیگر اہم اداکار یعنی سوگندھا اور چندن پربھاکربھی اس پروگرام سے الگ ہوگئے جس کے نتیجے میں اس شو کی مقبولیت بدترین طور پر متاثر ہوئی؛ یہاں تک کہ ’کپل شرما شو‘ بند ہونے کے قریب پہنچ گیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنیل گروور سے لڑائی کے بعد کپل شرما شو کی مقبولیت متاثر ہونے لگی

اپنے شو کو بچانے کے لیے کپل نے سنیل گروور سے معافی مانگنے سے لے کر ہر وہ حربہ آزمایا جس سے ان کا شو واپس پرانی پوزیشن پر آجائے لیکن وہ ناکام رہے۔ شو کی روز بروز گرتی ہوئی مقبولیت کے باعث سونی انٹرنینمنٹ چینل انتظامیہ نے بھی کپل شرما سے تمام اداکاروں کو واپس لانے کے لیے کہہ دیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ بصورتِ دیگر یہ شو بند کردیا جائے گا۔ اس کے بعد کپل شرما نے شو چھوڑ جانے والے اپنے تمام ساتھی اداکاروں کو منانا شروع کردیا۔

یوں لگتا ہے جیسے کپل کی یہ کوششیں رنگ لانے لگی ہیں کیونکہ کپل شرما شو میں ’’چندو چائے والا‘‘ کا کردار نبھانے والے کامیڈین چندن پربھاکر اس شو میں ایک بار پھر واپس آگئے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کپل شرما کا سنیل گروورکو جوتے سے مارنے کا انکشاف

بھارتی میڈیا کے مطابق چندن پربھاکر نے شو میں اپنی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ’دی کپل شرما شو‘ کی نئی قسط کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو ممکنہ طور پراس اتوارکو پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کپل ان کی واپسی سے بے حد خوش ہیں اور جب وہ سیٹ پر پہنچے تو کپل نے خوش ہوتے ہوئے ان سے کہا ’’چائے پیو اورشو میں سب کوچائے پلاؤ۔‘‘

شو کی گرتی ہوئی مقبولیت کے تناظر میں چندن پربھارکر کی واپسی سے بظاہر کپل شرما کو بڑی ڈھارس ہوئی ہے لیکن ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ چندو اپنی اداکاری سے شو کو واپس پہلے والی بلندی پر پہنچا پاتے ہیں یا نہیں۔ یہ بات اس لیے بھی کہی جارہی ہے کیونکہ سنیل گروور کے اس پروگرام سے علیحدہ ہونے کے بعد نہ صرف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بلکہ خود کپل شرما کو بھی شدت سے احساس ہوا ہے کہ ’دی کپل شرما شو‘ کی کامیابی میں سنیل گروور المعروف ’’ڈاکٹر مشور گلاٹی‘‘ اور دوسرے معاون اداکاروں کی اہمیت کسی بھی طرح خود کپل شرما سے کم نہیں تھی۔

دوسری جانب سنیل گروور کی شو میں واپسی کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ البتہ بھارتی میڈیا کے مطابق سونی انٹرنینمنٹ چینل انتظامیہ سنیل گروور کے ساتھ ایک الگ مزاحیہ اسٹیج شو شروع کرنےوالی ہے جس کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد ہی متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔