پاکستانی فلم ’’یلغار‘‘ عید پر ریلیز کے لیے تیار

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 جون 2017
فلم یلغار کو اب تک کی سب سے مہنگی فلم قرار دیا جارہا ہے؛فائل فوٹو

فلم یلغار کو اب تک کی سب سے مہنگی فلم قرار دیا جارہا ہے؛فائل فوٹو

کراچی: پاکستانی سنیما کی تاریخ میں اب تک کی سب سے مہنگی فلم ’’یلغار‘‘ عید پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ہدایت کار بلال لاشاری کی 2013 میں ریلیز ہونے والی کامیاب ترین فلم ’’وار‘‘ پاکستانی سنیما کی تاریخ میں خوشگوار اضافہ تھی جس نے کامیابی کے ساتھ بے پناہ عوامی مقبولیت بھی حاصل کی یہی وجہ ہے کہ ہدایت کار ایک بار پھر اپنی ٹیم کے ساتھ ’یلغار‘ کے لیے تیار ہیں لیکن فلم ’’یلغار‘‘ کی ہدایات بلال لاشاری کی جگہ حسن وقاص رانا نے دی ہیں جب کہ فلم کی کہانی سوات میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کے گرد گھومتی ہے۔

فلم ’وار‘ کی طرح ’یلغار‘ میں بھی پاکستان کے نامور اداکار شان نے مرکزی کردار نبھایا ہے جب کہ اداکار ہمایوں سعید پہلی بار منفی کردار میں نظر آئیں گے، عائشہ عمر، ایوب کھوسہ، عدنان صدیقی، ارمینا رانا خان، بلال اشرف، گوہر رشید اور ثنا بُچّہ بھی فلم کا حصہ ہیں۔

اداکارہ ارمینا رانا خان نے اس فلم میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیا جب کہ حقیقی زندگی میں صحافت سے تعلق رکھنے والی ثنا بُچّہ نے فلم میں بھی خاتون صحافی کا کردار ہی ادا کیا ہے۔

ہدایت کار حسن وقاص کا کہنا ہے کہ فلم میں ایکشن، مزاح اور رومانس سمیت ہر وہ چیز شامل ہے جو ناظرین کو سینما گھروں کی طرف کھینچ لائے گی جب کہ فلم کی شوٹنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار، گن شپ ہیلی کاپٹر، دھماکہ خیز مواد وغیرہ سب کچھ اصل استعمال کیا گیا ہے اور  نوجوان اداکاروں کو فوج کی ابتدائی ٹریننگ بھی دی گئی، یہی وجہ ہے کہ فلم کو مکمل ہونے میں طویل عرصہ لگ گیا۔

واضح رہے فلم میں اداکار شان (کرنل اسد) کا تعلق آرمی کے اسپیشل سروس گروپ سے ہے جن کی ٹیم میں کیپٹن بلال اور کیپٹن عمیر شامل ہیں جو دہشت گردوں سے اپنے ملک کی حفاطت کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔