گوگل کی جانب سے بچوں کے لیے تحفہ

ویب ڈیسک  پير 26 جون 2017
کڈل سرچ انجن کو بطورِ خاص بچوں کےلیے مثبت اور تعلیمی مواد کی تلاش کےلیے تیار کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اسکرین شاٹ)

کڈل سرچ انجن کو بطورِ خاص بچوں کےلیے مثبت اور تعلیمی مواد کی تلاش کےلیے تیار کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اسکرین شاٹ)

کراچی: گوگل نے خاص طور پر بچوں کےلیے ’کڈل‘ کے نام سے  نیا سرچ انجن اور یوٹیوب ایپ لانچ کردیا ہے جن کا مقصد بچوں کو تعلیم و تدریس کے علاوہ مثبت تفریح میں مدد اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

انٹرنیٹ پر مواد میں مسلسل اور تیز رفتار اضافے کے نتیجے میں بچوں کےلیے مخصوص معلومات تلاش کرنے میں دشواریاں بھی بڑھتی جارہی ہیں۔ اکثر اوقات بچوں کےلیے کی ورڈ سرچ کے نتیجے میں ایسا مواد بھی سامنے آجاتا ہے جو کسی طور پر بھی چھوٹی عمر والے بچوں کےلیے موزوں نہیں ہوتا بلکہ جسے دیکھ کر ان کی سوچ پر منفی اثرات ہی پڑسکتے ہیں۔

اسی مسئلے کو پیش نظر رکھتے ہوئے گوگل نے بچوں کےلیے ایک بالکل الگ سرچ انجن بنادیا ہے جس کا نام ’کڈل‘ رکھا گیا ہے جبکہ اس کا ویب ایڈریس www.kiddle.co ہے۔ (واضح رہے کہ اس ایڈریس کے اختتام پر co ہے جو روایتی com سے تھوڑا سا مختلف ہے۔ اس کا خیال رکھنا ضروری ہے۔)

سرچ انجن کے ہوم پیج پر ویب، امیج (تصویر)، نیوز (خبریں) اور ویڈیوز کے علاوہ ’’انسائیکلوپیڈیا‘‘ کا ایک لنک بھی دیا گیا ہے جس پر کلک کرتے ہی ’کڈل‘ آپ کو بچوں کےلیے گوگل انسائیکلوپیڈیا کے پیج پر پہنچا دیتا ہے جہاں سرچ باکس کے علاوہ مختلف عنوانات کی ایک طویل فہرست بھی موجود ہے۔

گوگل کا دعوی ہے کہ اس کے انسائیکلوپیڈیا میں سات لاکھ (700,000) سے زائد معلوماتی تحریریں رکھی گئی ہیں جو بہت ہی آسان اور سادہ انگریزی زبان میں ہیں۔ اگر آپ اپنی مطلوبہ اینٹری سے واقف ہیں تو فہرست میں اس پر کلک کرسکتے ہیں اور اگر دشواری محسوس کررہے ہیں تو سرچ باکس میں مطلوبہ نام ٹائپ کرکے متعلقہ لفظ (کی ورڈ) کے بارے میں مضامین تلاش کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ صارفین گوگل پلے اسٹور یا ایپل کے ایپ اسٹور سے ’’یوٹیوب کڈز‘‘ کی ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جو انہیں اس قابل بناتی ہے کہ وہ خاص بچوں کےلیے ہی بنائی گئی ویڈیوز تلاش کرسکیں اور ان سے ہوم ورک کرنے کے علاوہ مثبت تفریح میں بھی مدد لے سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔