چاند کے معاملے پر اختلاف کا باعث بننے والے مفتی پوپلزئی اچانک غائب

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 جون 2017

پشاور: ہر سال رمضان المبارک اور عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے معاملے پر اختلاف کا باعث بننے والے مفتی شہاب الدین پوپلزئی اچانک منظر عام سے غائب ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مفتی شہاب الدین پوپلزئی گزشتہ دو روز سے لاپتہ ہیں اور ان کا فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی شہاب الدین کو آخری بار اسلام آباد ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل لاؤنج میں دیکھا گیا تھا اور ان کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق مفتی شہاب الدین 22 جون کو دبئی کے لئے روانہ ہو گئے تھے اور اب 2 اگست کو ان کی وطن واپسی ہو گی۔ دوسری جانب مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اہلخانہ کا اصرار ہے کہ وہ پاکستان میں ہی ہیں لیکن ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

مسجد قاسم علی خان کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہتمم مفتی شہاب الدین کی غیر موجودگی کے باوجود عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لئے نائب مہتمم مولانا خیر البشر کی قیادت میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی عیدالفطر کے موقع پر مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب چلے گئے تھے اور پورے ملک میں ایک ساتھ عید منائی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔