پیپلزپارٹی میں شامل ہونیوالےبیٹےکےخلاف انتخاب لڑوں گا،ذوالفقارکھوسہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 فروری 2013
جس شخص کو پوری دنیا کرپٹ کہہ رہی ہے میرا اپنا بیٹا اس کی تعریف کررہا ہے، ذوالفقار کھوسہ۔  فوٹو: فائل

جس شخص کو پوری دنیا کرپٹ کہہ رہی ہے میرا اپنا بیٹا اس کی تعریف کررہا ہے، ذوالفقار کھوسہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: مشیر اعلیٰ پنجاب سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ہی بیٹے کے خلاف عام انتخابات میں میدان میں اتریں گے۔

لاہور میں اپنے صاحبزادے دوست محمد کھوسہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ تاثر غلط ہے کہ وہ نگران سیٹ اپ میں وزارت کے لئے پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر صبر کیا۔ اللہ ان کا صبر قائم رکھے وہ اپنے بیٹے سیف الدین کھوسہ کے خلاف قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے۔

ذوافقار کھوسہ نے مزید کہا کہ جس شخص کو پوری دنیا کرپٹ کہہ رہی ہے ان کا اپنا بیٹا سیف الدین کھوسہ اس کی تعریف کررہا ہے حالانکہ سیف الدین کھوسہ دو مرتبہ ضلعی کونسل کے چیئرمین اور ایک بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ مشیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دوست محمد کھوسہ سے ماضی میں غلطی ہوئی تاہم پارٹی میں ڈسپلن کا پابند رہا۔

اس موقع پر دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ نواز شریف میرے قائد تھے، ہیں اور رہیں گے، شہباز شریف سے کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوگئیں تھیں لیکن اب کوئی اختلاف نہیں، اپنے رویے پر وہ شہباز شریف سے معذرت خواہ ہیں آج بھی شہباز شریف کو اپنا بڑا سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تمام وفاداریاں مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں ، مستقبل میں وہ پارٹی کی مضبوطی کےلئے وہ کچھ کریں گے جو انہوں نے ماضی میں نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔