انڈسٹری کی ترقی کیلیے سینئر اور جونیئر فنکاروں کو ملکر کام کرنا ہوگا، سارہ لورین

شوبز ڈیسک  اتوار 25 جون 2017
حکومت کی طرف سے لالی ووڈ کو صنعت کادرجہ دینا مردے گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کے مترادف ہے، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

حکومت کی طرف سے لالی ووڈ کو صنعت کادرجہ دینا مردے گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کے مترادف ہے، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

لاہور: اداکارہ سارہ لورین نے کہا ہے کہ انڈسٹری کی ترقی کیلیے سینئر اورجونیئر فنکاروں کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

اداکارہ نے کہا کہ اب تیز رفتار ترقی اور سوشل میڈیا کے دور میں  پرانے فرسودہ خیالات اور مہارت کامیاب نہیں ہوسکتی۔ فلم انڈسٹری کو اب تعلیم یافتہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس افرادی قوت کی ضرورت ہے جو جدید دور کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے کام کرسکے۔

اداکارہ و ماڈل سارہ لورین کا کہنا تھا کہ  ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کی ترقی کی اہم وجہ جدیدٹیکنالوجی کااستعمال ہے جب کہ ان کے اپنے جدید تربیت یافتہ ادارے ہیں جو نئے فنکاروں کو پروموٹ کرنے کیلیے ان کو باقاعدہ تربیت فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی فلم نگری میں ترقی کی رفتار بہت تیز ہے اس کی وجہ وہاں پر فلم انڈسٹری میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے اور سب سے بڑھ کر اب تو ہالی ووڈ والے بھی بھارت میں آکر اپنی فلموں اور ڈراموں کی  شوٹنگ کررہے ہیں، دوسری طرف پاکستان میں فلم انڈسٹری کاکوئی پرسان حال نہیں ہے، حکومت کی طرف سے لالی ووڈ کو صنعت کادرجہ دینا مردے گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کے مترادف ہے۔

سارہ لورین کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کو ڈبونے میں سب نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ حکومت نے اچھا اقدام اٹھایا ہے لیکن بہت تاخیر کے بعد، انھوں نے کہا کہ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی ،ہم سب کو متحد ہوکر  فلم انڈسٹری کی رنگینیوں کو واپس لانے کیلیے دن رات سخت محنت  کرنا ہوگی جس کیلیے سب کو اپنی گروپ بندی ،لابی سسٹم  اور پسند نہ پسند کا رویہ چھوڑنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ ہم سب لالی ووڈ  کاعروج واپس لاسکتے ہیں ،بس اس کیلیے پرعزم ہوکر دیانت داری سے کام کرنا  ہوگا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں تبدیلی واضح نظر آرہی ہے۔ نئے نوجوان فنکاروں نے اپنی صلاحیت ثابت کردی ہے اور اب انڈسٹری اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔