افغان بھارت دوستی ڈیم پر طالبان کا حملہ، 10 پولیس اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 25 جون 2017
حملہ آور افغان پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے گئے۔ فوٹو: فائل

حملہ آور افغان پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے گئے۔ فوٹو: فائل

کابل: افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں ’’افغان بھارت دوستی ڈیم‘‘ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 10 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق واقعہ ہفتے و اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جب طالبان نے ضلع چشتی شریف میں ’’سلمیٰ ڈیم‘‘ کی حفاظتی چوکی پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کر کے 10 اہلکاروں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا، حملہ آور پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی نے افغانستان میں بھارت کے تعاون سے بننے والے ڈیم کا افتتاح کردیا

صوبائی پولیس چیف کے ترجمان گیلانی فرہاد نے بتایا کہ یہ حملہ طالبان نے کیا اور جھڑپ میں 4 طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال افغانستان کی حکومت نے سلمیٰ ڈیم کا نام تبدیل کر کے ’’افغان بھارت دوستی ڈیم‘‘ رکھا تھا جس کا افتتاح 4 جون 2016 کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ اس ڈیم پر پہلے بھی کئی بار حملے ہوئے ہیں جن میں متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔