حکومت جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک بند کرے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  اتوار 25 جون 2017
ضلعی ہیڈکوارٹر ہونے کے باوجود بہاولپور میں ایک برن یونٹ تک موجود نہیں، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو: فائل

ضلعی ہیڈکوارٹر ہونے کے باوجود بہاولپور میں ایک برن یونٹ تک موجود نہیں، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو: فائل

بہاولپور: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سانحہ بہاولپور میں امدادی کارروائیوں میں تاخیر پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک بند کیا جائے۔

احمد پور شرقیہ میں جائے حادثہ کے دورے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے امدادی کارروائیوں میں تاخیر پر حکومت پنجاب پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کیا جنوبی پنجاب کی لاشیں سستی ہیں، اگر فوری امدادی کام ہوتے تو جانی نقصان کم ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر ہونے کے باوجود بہاولپور میں ایک برن یونٹ تک موجود نہیں، جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلوں سلوک بند کیا جائے، یہ علاقہ کل بھی بنیادی سہولیات سے محروم تھا اور آج بھی محروم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بہاولپور میں آئل ٹینکرالٹنے سے 137 افراد جاں بحق

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر یہ واقعہ تخت لاہور کے قریب پیش آتا تو پوری حکومتی مشینری جائے وقوع پر پہنچ جاتی اور تمام سہولیات مہیا کی جاتیں، جنوبی پنجاب سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کہاں سوئے ہوئے ہیں، جن کے پیارے اسپتالوں میں زندگی و موت کی کشمکش کا شکار ہیں وہ پوچھ رہے ہیں کہ حکومت کہاں ہے، فوج نہیں آتی تو ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا تھا۔

جنوبی پنجاب میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی ترجیح انسانیت اور صحت نہیں بلکہ میٹرو اور اورنج ٹرین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار حکومت کی ترجیحات میں سرے سے شامل ہی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنی تو ہم قانونی اداروں کا ساتھ دیں گے، شاہ محمود قریشی

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔