عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ویب ڈیسک  پير 26 جون 2017
نمازعید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ڈیزائن: اویس خان

نمازعید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ڈیزائن: اویس خان

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے  کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور اس موقع نمازعید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عیدالفطر کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ عید الفطر کی نماز کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

صدر ممنون حسین نے فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عید ادا کی جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سرکٹ ہاؤس، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے داتا دربار لاہور، چوہدری برادران نے گجرات میں عید کی نماز پڑھی جبکہ شیخ رشید نے مدرسہ تعلیم القرآن راولپنڈی میں نماز عید ادا کی۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے سکھر میں عید کی نماز ادا کی جبکہ گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا نے گورنر ہاؤس پشاور، گورنر سندھ محمد ذبیر نے پولو گراؤنڈ کراچی اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں نماز عید ادا کی۔ شاہ محمود قریشی نے دربار بہاوالدین زکریا اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دربار موسیٰ پارک ملتان میں نماز عید ادا کی۔

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف نے عید الفطر کے موقع پر عالم اسلام اور اہل پاکستان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید پر دہشت گردی کے شکار پاکستانیوں کو یاد رکھا جائے۔ اس کے علاوہ آرمی چیف نے یکے بعد دیگرے پیش آنے والے سانحات کے پیش نظر عید سادگی سے منانے کا اعلان کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔