آج سے ملک بھر میں مون سون کی بارش شروع ہونے کا امکان

نمائندہ ایکسپریس  پير 26 جون 2017
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ فوٹو: فائل

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں مون سون کی باقاعدہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

عید کی تعطیلات کے دوران ملک کے بالائی علاقوں اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پرموسلا دھاربارش کی بھی پیشگوئی کی ہے۔ بدھ سے ہفتے کے دوران زیریں سندھ اورمشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا تاہم ژوب، قلات، مکران، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن،خیبر پختونخوا،اسلام آباد، فاٹا اورکشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سندھ کے ساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش، بونداباندی کابھی امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم قلات،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، فاٹا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ، راولپنڈی،قلات ڈویژن اورکشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں لوئیردیر23 ،سیدو شریف 12،مالم جبہ، بالاکوٹ5 ملی میٹر، کشمیر میں راولا کوٹ 23، گڑھی دوپٹہ 4، مظفرآباد3 ملی میٹر، بلوچستان میں خضدار 5 ملی میٹر، پنجاب میں مری میں 5ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں اتوار کے روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق سبی48، دالبندین، دادو47، نوکنڈی، بھکر میں45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔