ویمنز ورلڈکپ، پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ پر غلبہ پانے میں ناکام

اسپورٹس رپورٹر  پير 26 جون 2017
پروٹیز نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ 3 وکٹ سے جیت لیا،لی نے 60 اور ولورڈٹ نے 52 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

پروٹیز نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ 3 وکٹ سے جیت لیا،لی نے 60 اور ولورڈٹ نے 52 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

لاہور: آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ پر غلبہ پانے میں ناکام رہی، پروٹیز نے نے دلچسپ اورسنسنی خیز مقابلے میں 3وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ گیا، جنوبی افریقہ نے ثنا میر الیون کو 3 وکٹوں سے  زیر کر کے میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی۔لیسٹر میں ہونے والے اس میچ میں پروٹیز نے207 رنز کا ہدف 7 وکٹوں پر 49ویں اوورز میں پورا کیا۔

ولورٹ اور لی نے اپنی ٹیم کو 113رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم لی 60رنز پر ثنا میر کی گیند پر اپنی قیمتی وکٹ گنوا بیٹھی، ولورٹ نے 52 رنز کی عمدہ اننگز تراشی، ڈو پریز نے30 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، چیٹی11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، ٹریاون نے3 رنز بنائے، کیپ صرف ایک سکور بنا کر رن آؤٹ ہوئیں، اسمعیل اور لوس نے آخری اوورز میں پاکستانی بولرز کی خوب دھلائی کرتے ہوئے پروٹیز کو فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کیا، دونوں پلیئرز نے بالترتیب 22 اور15رنز بنائے۔

سعدیہ یوسف نے 2 مہرے کھسکائے جبکہ ثنا میر اور بسمعہ معروف کے حصہ میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔اس سے قبل  میگا ایونٹ کے اپنے ابتدائی میچ میں ناہیدہ خان کے عمدہ کھیل کی وجہ سے گرین شرٹس نے آٹھ وکٹوں پر 206رنز بنائے ۔جنوبی افریقہ کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 10 کے مجموعی سکور پر اوپنر عائشہ ظفر صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں، کیپ نے انہیں بولڈ کیا۔ بعد ازاں جویریہ خان نے دوسری اوپنر ناہیدہ خان کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم جویریہ بھی 3چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر ڈینیلز کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھی، اس وقت ٹیم کا مجموعی سکور 43 تھا، بسمعہ معروف نے خاصی سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے28 گیندوں پر محض 10 رنز ہی بنائے تھے کہ وہ بھی وین نیکرک کی گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے چیٹی کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گئیں۔

61 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد ناہیدہ خان کے ساتھ نین عابدی نے بھی محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 124 رنز تک پہنچا دیا تاہم نین عابدی بھی لوس کی گیند پر چیٹی کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہو گئیں، عابدی نے 54گیندوں کی مدد سے ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، پاکستان کی پانچویں وکٹ157 کے اسکور پر  اس وقت گری جب ساتھی پلیئر کے ساتھ غلط فہمی کی وجہ سے ناہیدہ خان کیپ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئیں۔

ناہیدہ نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم وہ صرف 21 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکیں، انھوں نے101 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پاکستان کی آؤٹ ہونے والی چھٹی پلیئرکائنات امتیاز تھیں جو13 رنز بنا کر ڈینیلز کی گیند پر کیپ کو کیچ دے بیٹھیں۔ اس وقت قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 158 تھا۔

بعدازاں کپتان ثنا میر نے اسماویہ اقبال کے ساتھ مل کر ٹیم کے مجموعی سکور میں تیزی سے اضافہ کرنے کی کوشش کی، اس جدوجہد میں کپتان 15رنز بنانے کے بعد اسمعیل کی گیند پر پویلین لوٹ گئیں، اس وقت ٹیم کا مجموعی سکور201 تھا۔ 206 کے اسکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ اس وقت گری جب اسماویہ اقبال بھی 2چوکوں کی مدد سے 27 رنز پر اسمعیل کی گیند پر چیٹی کو کیچ تھما بیٹھیں۔ سدرہ نواز ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہی۔جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے کامیاب بولرز ڈینیلز اور ایس اسمعیل رہیں، دونوں نے 2، 2 پلیئرز کو میدان بدر کیا، ایم کیپ، نیکرک اور ایس لوس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔