7 لگاتار ففٹیز، متھالی راج نے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 26 جون 2017
بھارتی کپتان کو 6 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 148 درکار۔ فوٹو: نیٹ

بھارتی کپتان کو 6 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 148 درکار۔ فوٹو: نیٹ

لندن:  بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کپتان متھالی راج ون ڈے انٹرنیشنل میں لگاتار 7 نصف سنچریاں بنانے والی دنیا کی پہلی خاتون بن گئیں۔

متھالی راج نے لگاتار ففٹیز جڑنے کا یہ ورلڈ ریکارڈ ہفتے کو انگلینڈ کیخلاف ویمنز ورلڈ کپ کے اپنے ابتدائی میچ میں انجام دیا، ان کی اوسط 52.27 رہی ہے، جو100 یا اس سے زائد ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والی پلیئرز میں سب سے بہترین شمار ہوتی ہے، متھالی نے اس مقابلے میں 73 گیندوں پر 71رنز اسکور کیے۔

1999 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں وارد ہونیو الی بھارتی کپتان کا کیریئر 18 برسوں پر محیط ہوچکا ہے، اس دوران انھوں نے اور بھی کئی دیگر ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں، تاہم یہ بین الاقوامی ایک روزہ میچز میں ان کی لگاتار ساتویں ففٹی ہے، انگلینڈ کیخلاف 71 کی اننگز سے قبل جنوبی افریقہ کیخلاف 62 ناٹ آؤٹ، پروٹیز سے ہی میچ میں 54 اور51 ناٹ آؤٹ ، بنگلادیش کیخلاف 73 ناقابل شکست، جنوبی افریقہ کیخلاف 64 اور سری لنکا سے میچ میں 70رنز ناٹ آؤٹ شامل ہیں۔

اس سے قبل وہ لگاتار چھ ففٹیز بناکر مشترکہ ریکارڈ میں ساجھے داری اختیارکیے ہوئے تھیں، جس میں لنزے ریلیر، شارلوٹ ایڈورڈز اور ایلیسی پیری بھی شریک تھیں لیکن اب باقی تینوں پلیئرز چھ ، چھ لگاتار ففٹیز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، متھالی کی اوسط ون ڈے انٹرنیشنل میں 52.27 ہے، جو 100 یا اس سے زائد میچز کھیلنے والی کھلاڑیوں میں بہترین شمار ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں 5 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنیو الی دوسری کرکٹر بھی ہیں، انگلینڈ کیخلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں 71 کی اننگز ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میںمجموعی طور پر 47ویں ففٹی بنی، یہ بھی ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ بنا، انھیں 6 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والی پہلی خاتوں کرکٹر کا اعزاز پانے کیلیے 148رنز کی ضرورت ہے اور وہ ممکنہ طور پر لندن میں جاری میگا ایونٹ میں مکمل کرلیں گی، سردست انگلش بیٹسویمن شارلوٹ ایڈورڈز 5992 نمایاں ترین ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔