ٹام کیورن نے بولنگ اسپیڈ بڑھانے پر توجہ مرکوز کرلی

اسپورٹس ڈیسک  پير 26 جون 2017
بھائی سام کے ہمراہ انگلش ٹیم کی نمائندگی کرنے کا خواب ہے، نوجوان فاسٹ بولر۔ فوٹو: نیٹ

بھائی سام کے ہمراہ انگلش ٹیم کی نمائندگی کرنے کا خواب ہے، نوجوان فاسٹ بولر۔ فوٹو: نیٹ

ٹاؤنٹن: نئے انگلش بولر ٹام کیورن کو یقین ہے کہ وہ مزید تیز بولنگ کرسکتے ہیں، انھوں نے انٹرنیشنل ڈیبیو میں تین وکٹیں لیکر سب کو اپنی جانب متوجہ کرلیا ہے۔

گذشتہ دنوں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاؤنٹن میں منعقدہ سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں ٹام کیورن نے یہ کارنامہ انجام دیا، جہاں انھوں نے کوٹے کے 4 اوورز میں 33رنز کے عوض 3 شکار کیے، تاہم ان کی پرفارمنس ٹیم کو فتح دلانے کیلیے ناکافی رہی اور پروٹیز نے یہ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ محض 3رنز سے اپنے نام کرلیاتھا، کیورن نے اس مقابلے میں مہمان اوپنر ریزا ہینڈرسک، کرس موریس اور شاندار یارکر کی بدولت اینڈائل پیلکووایو کو گولڈن ڈک کی خفت سے دوچار کیا۔

اپنے ابتدائی دور کا ذکر کرتے ہوئے ٹام کیورن نے کہا کہ اسکول سے فراغت کے بعد میں نے گرمیوں کی چھٹیاں سرے ٹیم کے ساتھ گزاریں، میں وہاں بے تحاشا بولنگ کرکے اپنی رفتار کو بڑھاتا رہا، لیکن اس برس میں نے موسم سرما میں جم میں سخت محنت کو اپنا شعار بنالیا تھا، یہ چیز میرے لیے مثبت رہی، جہاں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتا رہا، انھوں نے مزید کہا کہ میں ابھی22 برس کا ہوں اور مجھے امید ہے کہ میں آنے والے دنوں میں اپنی رفتار کو مزید بڑھا سکوں گا۔

واضح رہے کہ ٹام کیورن سابق زمبابوین آل راؤنڈ کیون کیورن کے صاحبزادے ہیں، وہ اسکول میں بھی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے ہیں، ٹام کو سرے کے سابق کپتان ایان گریگ نے دریافت کیا، سابق انگلش انٹرنیشنل پلیئر گریگ نے انھیں 17 برس کی عمر میں سرے کی سیکنڈ الیون میں شامل کیا تھا جس کے بعدانھوں نے 2013 میں انھیں کاؤنٹی کی فرسٹ ٹیم میں ڈیبیو کا موقع فراہم کردیا تھا، ان کے ایک اور بھائی سام کیورن بھی اس وقت انگلینڈ لائنز میں شامل تھے، دونوں بھائیوں نے سرے کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹام اور سام ایڈم اور بین ہولیویک کے نقش قدم پر چلنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ایک ساتھ انگلینڈ کی ٹیم میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ٹام نے کہا کہ ہم دونوں نے اس وقت قدم بہ قدم آگے بڑھ رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ یہ میرے طویل انگلش کیریئر کی شروعات ہے، میرے لیے اپنے بھائی کے ہمراہ انگلینڈ کی ٹیم میں کھیلنا خواب کی مانند ہے، ان کے دادا بھی زمبابوے میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔

ٹام کیورن کو اس سے قبل مارچ میں انجرڈ جیک بیل کی جگہ دورئہ ویسٹ انڈیز میں بھی کور اپ کے طور پر انگلش اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم اس وقت انھیں موقع نہیں مل پایا تھا، اس کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں کریبیئن جزائز میں کھیلنے کا موقع نہ مل پانے پر یقینی طور پر مایوس ہوا تھا، لیکن مجھے یقین تھا کہ میں یہ موقع پانے میں کامیاب رہوں گااور میں نے اس کیلیے خود کو تیار رکھا ہوا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔