عید سعید، قومی کرکٹرز اپنے پیاروں کے ساتھ منائیں گے

اسپورٹس رپورٹر  پير 26 جون 2017
کپتان سرفراز، رومان رئیس کراچی، بابر اعظم، احمد شہزاد، فہیم اشرف لاہورمیں ہونگے۔ فوٹو : رائٹرز

کپتان سرفراز، رومان رئیس کراچی، بابر اعظم، احمد شہزاد، فہیم اشرف لاہورمیں ہونگے۔ فوٹو : رائٹرز

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم اس بار عیدالفطر کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ پاکستان میں منائے گی۔

سرفراز الیون اس دفعہ عید کی خوشیاں اپنے ملک میں اپنے خاندان کے ہمراہ جبکہ ثنا الیون عید کی خوشیاں گوروں کے دیس میں منائیں گی، قومی ٹیم کے اراکین احمد شہزاد، بابراعظم، فہیم اشرف، اظہر علی لاہور میں، حسن علی گوجرانوالہ،کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس کراچی، شاداب میانوالی، عماد وسیم راولپنڈی، حارث سہیل سیالکوٹ اور فخر زمان مردان میں عید منائیں گے۔ اظہر علی بھی لندن سے عید منانے کیلیے گزشتہ روز لاہور پہنچ چکے ہیں، قومی فاسٹ بولر جنید خان نے ایک دن پہلے ہی عید منالی، شاندار شلوار قمیض پہن کر تصویر شیئر کی تو سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا۔

مائیکر بلاگنگ ویب سائٹ پر جنید خان نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ شاندار شلوار قمیض میں ملبوس ہیں اور کافی خوش دکھائی دے رہے تھے۔ اس تصویر کے ساتھ فاسٹ بولر نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ عید منا رہے ہیں، ان سب کو میری طرف سے عید مبارک، انھوں نے دعا دی کہ لوگ خوشیوں بھری عید پر امن طریقے سے منائیں۔ اس موقع پر جنید خان نے پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پیار کو پھیلاؤ، نفرتیں ختم کرو، بڑوںکا ادب کرو اور چھوٹوں سے پیار سے پیش آؤ۔

واضح رہے کہ جنید خان کا تعلق خیبر پختونخواہ کے ضلع صوابی سے ہے۔ مسجد قاسم خان کی انتظامیہ کی جانب سے  شوال کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد  گزشتہ روز پشاور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں عید الفطر  منائی گئی۔

ادھر ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے لندن میں موجود ہے اور وہ اپنی عید لندن میں ہی منائیں گی ،گوروں کے دیس میں عید منانے والی ثنا الیون میں عائشہ ظفر، ناہیدہ بی بی،  میرینہ اقبال، بسمعہ معروف، جویریہ خان، سعدیہ، نین فاطمہ عابدی، سدرہ نواز ( وکٹ کیپر) ثنا میر( کپتان )،کائنات امتیاز، اسماویہ اقبال کھوکھر، ناصرہ سندھو، غلام فاطمہ، سعدیہ یوسف شامل ہیں جبکہ ٹیم آفیشلز میں عائشہ اشعر ( ٹیم مینجر)، صبیح اظہر (ہیڈ کوچ )، ابرار احمد ( ٹرینر) محمد زبیر احمد ( ویڈیو اینالسٹ)، شاہد انور (بیٹنگ کوچ ) شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم بھی اس بار اپنے پیاروں میں عید نہیں مناسکے گی، ہاکی ٹیم کی 26 جون کی صبح انگلینڈ سے لاہور آمد شیڈول ہے، انگلینڈ میں  عید منانے والے ہاکی پلیئرز میں امجد علی، مظہر عباس،  نواز اشفاق، علیم بلال، ابوبکر محمود، محمد رضوان جونیئر، عاطف مشتاق، تصور عباس، عماد شکیل بٹ، عمر بھٹہ، محمد عرفان جونیئر، ارسلان قادر، علی شان، محمد دلبر، اعجاز احمد، عبدالحسیم خان،  اظفر یعقوب اور عمیر سرفراز شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔