عید پر کیک، مٹھائیوں اور نمکو کی فروخت میں نمایاں اضافہ

اسٹاف رپورٹر  پير 26 جون 2017
گھروں میں عید کے خصوصی میٹھے پکوان، شیرخورمہ، کھیر، فرنی اورشاہی ٹکروں کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ فوٹو: ایکسپریس

گھروں میں عید کے خصوصی میٹھے پکوان، شیرخورمہ، کھیر، فرنی اورشاہی ٹکروں کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: میٹھے ذائقوں سے عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے کیک اور مٹھائیوں کی خریداری عروج پرپہنچ گئی ہے۔

شہر میں مٹھائی کی فروخت کے چھوٹے بڑے مراکز پر عید کے لیے خصوصی طور پر تیار کی جانے والی قسم قسم کی مٹھائیاں سجادی گئی ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد نے عید سے ایک روز قبل ہی مٹھائیوں اور کیک کی خریداری شروع کردی،ساتھ ہی نمکین آئٹمز بھی خریدے جارہے ہیں، ہر سال کی طرح اس سال بھی عید کے لیے آرڈرز پر خصوصی کیک بھی تیار کیے جارہے ہیں، گھروں میں عید کے خصوصی میٹھے پکوان، شیرخورمہ، میٹھی سویاں ، کھیر، فرنی اور شاہی ٹکروں کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ گرمی کی وجہ سے آئس کریم،مشروبات اور ڈبہ بند جوس کی خریداری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

عیدالفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ عید الفطر کے موقع پر میٹھے ذائقوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، عید پر سب سے زیادہ گلاب جامن اور چم چم ، رس ملائی کے علاوہ مکس مٹھائیاں اور حلوہ جات فروخت کیے جاتے ہیں، عید کی خوشیوں میں خاندان کے تمام افراد کو شریک کرنے کے لیے بزرگوں، مٹھائی سے پرہیز کرنے والے افراد اور شوگر کے مریضوں کے لیے بھی خصوصی طور پر ڈائٹ یا شوگر فری مٹھائیاں تیار کی جاتی ہیں، مٹھائی کی دکانوں پر گاہکوں کا رش عید سے ایک روز قبل ہی شروع ہوجاتا ہے جو چاند رات سے لے کر عید کے تینوں دنوں تک جاری رہتا ہے۔

عید ملنے کے لیے رشتے داروں اور دوست احباب کے گھر جانے والے افراد اپنے ساتھ روایت کے طور پر مٹھائی یا کیک لے جاتے ہیں اسی طرح گھروں پر آنے والے مہمانوں کی تواضع بھی مٹھائیوں، کیک، آئس کریم، سنویوں، شیرخورمے سے کی جاتی ہے، عید کے لیے مٹھائیوں کی تیاری چند روز قبل ہی شروع کردی جاتی ہے، عید کے دنوں میں طلب پوری کرنے کے لیے کاریگر دن رات محنت کرکے مٹھائیاں تیار کرتے ہیں،چینی اور مٹھائیوں سے اجتناب اور مٹھائیوں کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے ہر سال کیک کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے۔

شہر میں قائم بڑی بیکریوں پر عید کے لیے خصوصی طور پر کیک تیار کیے جاتے ہیں جن میں زیادہ تر پائن ایپل آئس کریم کیک، چاکلیکٹ کیک، کرنچ، پستہ اور دیگر ذائقوں کے کیک زیادہ فروخت ہوتے ہیں،کیک کی دکانوں پر خریداروں کا رش چاند رات سے لیکر عید کے تینوں دنوں اور عید والے ہفتے کے اختتام تک جاری رہتا ہے،شیر خورمے کی تیاری کے لیے سنویوں اور میوہ جات کی خریداری بھی عید کی رونقوں اور روایت کا حصہ ہے جو زیادہ تر رمضان کے آخری ہفتے میں چاند رات تک خریدے جاتے ہیں اور سنویاں فروخت کرنے کیلیے عام دکانوں کے علاوہ عارضی اسٹالز بھی چاند رات کو دیر تک کھلے رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔