250 کسٹمز اہلکاروں کو ایف سی سے تربیت دلوانے کا فیصلہ

ارشاد انصاری  پير 26 جون 2017
نئے بھرتی ہونیوالے سپاہیوں کیلیے لازمی تربیت 10 جولائی سے بلوچستان فرنٹیئرکوربیٹل اسکول غزوہ بنداسکاؤٹس کوئٹہ میں ہوگی۔ فوٹو؛ فائل

نئے بھرتی ہونیوالے سپاہیوں کیلیے لازمی تربیت 10 جولائی سے بلوچستان فرنٹیئرکوربیٹل اسکول غزوہ بنداسکاؤٹس کوئٹہ میں ہوگی۔ فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے اسمگلنگ کی روک تھام اور اسمگلروں کے خلاف کارروائی کے لیے بھرتی کیے جانے والے اڑھائی سو کسٹمز اہلکاروں کو بلوچستان فرنٹیئر کسنٹیبلری سے بنیادی لازمی تربیت دلوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کسٹمز کے نئے بھرتی کیے جانے والے اڑھائی سو سپاہیوں کو بلوچستان فرنٹیئر کسنٹیبلری سے بنیادی لازمی تربیت دلوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق پاکستان کسٹمز کے نئے بھرتی کیے جانے والے اڑھائی سو سپاہیوں کی لازمی تربیت 10 جولائی کی صُبح ساڑھے 11 بجے شروع ہوگی اور نئے بھرتی ہونے والے ان اڑھائی سو کسٹمز سپاہیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 جولائی کو صبح ساڑھے 11 بجے کسٹمز ہیڈ کوارٹرز ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں جہاں سے غزوہ بند اسکاوٹس رپورٹ کی جائے گی اور ان اڑھائی سو کسٹمز کے سپاہیوں کی تربیت بلوچستان فرنٹیئر کوربیٹل اسکول غزوہ بند اسکاؤٹس کوئٹہ میں شروع ہوگی اور اس بارے میں جاری کردہ ایس او پی میں کہا گیا ہے کہ تربیت کے لیے آنے والے ہر سپاہی کے پاس اپنا محکمانہ سروس کارڈ، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ موجود ہونا چاہیے اور تمام سپاہیوں کے میڈیکل فٹنس سرٹفیکٹ محکمے کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہر سپاہی کی وردی مکمل ہونی چاہیے جس میں بیلٹ، ٹوپی، نام والا بیج، شولڈر مونو گرام، بازو پر لگانے والا پاکستانی جھنڈا شامل ہیں جبکہ تربیت کے لیے آنے والے ہر سپاہی کے پاس اپنا ٹریک سوٹ اور جوگر شوز ہونے چاہئیں۔

علاوہ ازیں ٹریننگ کے دوران رات کو سونے کے لیے بستر بھی ہر سپاہی کا اپنا ہوگا جبکہ ہر سپاہی کے پاس آدھے بازوں والی کم ازکم 2 سے 3 ٹی شرٹس لازمی ہونی چاہئیں۔ سپاہی اپنے ہمراہ قیمتی موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا بالکل نہ رکھیں ڈائریکٹو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہر سپاہی کو اپنے پاس نہانے کا سامان، برش اور پالش ودیگر ضروری سامان بھی ہونا چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔