قومی سانحے پر منفی سیاست انتہائی افسوسناک ہے، وزیراعظم نواز شریف

ویب ڈیسک  پير 26 جون 2017

بہاولپور: وزیراعظم نواز شریف نے آئل ٹینکر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے نوکریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی سانحے پر منفی سیاست انتہائی افسوسناک ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا معاوضہ کسی بھی زندگی کا نعم البدل نہیں ہے لیکن مالی امداد سے لواحقین اور زخمیوں کے دکھوں کا کچھ مداوا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کا بلند حوصلہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں بھی دی جائیں گی جبکہ حکومت غربت اور بے روز گاری کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات بھی کر رہی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے اس قومی سانحے پر بھی سیاست کی جو انتہائی افسوسناک ہے، اس قسم کی سیاست ملک میں نہیں ہونی چاہیئے، دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں کے زخموں پر نمک چھڑکنا قطعی طور پر مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، ہم اس کی تہہ تک پہنچیں گے اور اس واقعے کو قوم کے لئے مثال بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ حادثے میں جس طرح ریسکیو 1122، پاک فوج کے جوانوں اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کیا اس کی نظیر نہیں ملتی۔ ان کا کہنا  تھا کہ احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والا حادثہ ملک میں گزشتہ 70 سال سے ہونے والی کرپشن کا نتیجہ ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بہاولپور میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 150 افراد جاں بحق

قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف کو سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں کمشنر نے حادثے سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حادثہ صبح 6 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا جس میں 265 افراد متاثر ہوئے،سانحے میں 150 افراد جاں بحق اور 125 زخمی ہوئے، زخمیوں کومختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے زخمیوں کی عیادت  کی  اور انہیں 10، 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔