کشمیریوں کی حمایت کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا ناانصافی ہے، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  منگل 27 جون 2017
بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری حقوق کیلیے پر عزم ہیں، ترجمان دفتر خارجہ ۔ فوٹو : فائل

بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری حقوق کیلیے پر عزم ہیں، ترجمان دفتر خارجہ ۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: پاکستان نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری حقوق کے لیے پر عزم ہیں۔ 

اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور کشمیریوں کو ماورائےعدالت قتل کیا جارہا ہے، کشمیروں کے گھر تباہ کرنا اور انہیں حبس بے جا میں رکھنا معمول ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ امریکا نے کشمیری حریت پسند رہنما کو عالمی دہشت گرد قرار دیدیا

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کے دوران قابض بھارتی فوج نے وادی میں مظالم بڑھا دیے ہیں، ہزاروں کشمیریوں کو پیلٹ گنز کے ذریعے بینائی سے محروم کردیا گیا۔عالمی اداروں نے بھی مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو ریکارڈ کیا ہے۔ ایسے میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا افسوسناک اور ناانصافی ہے۔

نفیس ذکریا نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے آزادی کی جدو جہد کررہے ہیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری حقوق کیلیے پر عزم ہیں جب کہ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور عوام اور حکومت نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں جب کہ عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کے معترف ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز امریکا نے مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔