وزیر داخلہ کی سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

ویب ڈیسک  بدھ 28 جون 2017
فرقہ وارانہ تشدد پاکستان کے لیے دہشت گردی کی طرح خطرناک اور نقصان دہ ہے، چوہدری نثار— فوٹو : فائل

فرقہ وارانہ تشدد پاکستان کے لیے دہشت گردی کی طرح خطرناک اور نقصان دہ ہے، چوہدری نثار— فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے اور عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو مذموم ایجنڈے کے پیچھے کارفرما عناصر کی نشاندہی اور ان کے خلاف کاروائی کی ہدایت کردی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، قومی اتحاد اور ہم آہنگی کی آج جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے کہا کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور تفرقہ بازی اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف آواز اٹھائیں۔

چوہدری نثار کا  کہنا تھا کہ فرقہ وارانہ تشدد پاکستان کے لیے اتنا ہی خطرناک ہے جتنی دہشت گردی کی عفریت ملک کے لیے نقصان دہ ہے، فرقہ واریت کو ہوا دینے والے ملک سے مخلص نہیں۔

وزیر داخلہ نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی مشاورت سے اس سلسلے میں مشترکہ آواز اٹھانے اور اس روش کی فوری روک تھام کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔