کرکٹرز کے اعزاز میں تقریب، وزرا اور سفارتکار بھی مدعو ہوں گے

ذوالفقار بیگ / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 1 جولائی 2017
چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم4جولائی کواسلام آباد پہنچے گی،فول پروف سیکیورٹی انتظامات۔ فوٹو : فائل

چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم4جولائی کواسلام آباد پہنچے گی،فول پروف سیکیورٹی انتظامات۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں 4 جولائی کو وزیر اعظم ہاؤس میں  تقریب کا انعقاد ہوگا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم سیکریٹریٹ کی طرف سے وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیاکہ وزارت پاکستان کرکٹ  بورڈ سے رابطہ کرکے جامع پلان تیار کرے، کھلاڑی اور آفیشلز 4 جولائی کو اسلام آباد آئیں گے اور مقامی ہوٹل میں قیام کریں گے، انھیں فول پروف سیکیورٹی میں ہوٹل سے وزیراعظم ہاؤس پہنچایا جائے گا۔

یاد رہے کہ کھلاڑیوں کو وزیر اعظم کی طرف سے  اعلان  کردہ ایک ایک کروڑ، ہیڈکوچ مکی آرتھر، فٹنس اینڈ فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، بولنگ کوچ اظہر محمود کو 50،50 لاکھ روپے ملیں گے، ٹیم منیجر طلعت علی، میڈیا منیجر رضا راشد، سوشل میڈیا منیجر عون زیدی، انچارچ ٹور آپریشنز شاہداسلم، اینالسٹ طلحہ اعجاز،سیکیورٹی منیجر اظہر،فزیوتھراپسٹ شین ہیز اور مساجر ڈونلڈ ڈیو البرٹ کو25،25 لاکھ روپے انعامی رقم کے چیک دیے جائیں گے۔

انعام حاصل کرنے والے کرکٹرز میں اظہرعلی، احمد شہزاد، فخر زمان،  بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور وہاب ریاض شامل ہونگے۔

واضح رہے کہ بھارت سے پہلا میچ بدترین انداز سے ہارنے والے گرین شرٹس کو سیمی فائنل سے بھی باہر تصور کیا جا رہا تھا، مگر ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے  ٹرافی اپنے نام کر لی جس پر دنیا بھر میں ستائش کا سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔