جرمنی میں سیاحوں کی بس میں آگ لگنے سے 18 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 3 جولائی 2017
ٹرالر کے ٹائر سے ٹکرانے کے بعد بس میں دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹرالر کے ٹائر سے ٹکرانے کے بعد بس میں دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

برلن: جرمنی کی ریاست باویریا میں سیاحتی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ 

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کی ریاست باویریا میں سیاحوں کی بس ٹرالر سے ٹکراگئی جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور بس مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی جب کہ بس میں 46 مسافر سوار تھے جن میں سے 18 موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور دیگر افراد نے بس سے کود کر جان بچانی کی کوشش کی تاہم ان کی حالت بھی تشیوشناک بتائی جارہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کردیا گیا جس کے تحت 5 ہیلی کاپٹر سمیت آگ بجھانے والی گاڑیوں اور ایمبولنس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور آگ کو بجھانے کی کوشش کی لیکن تب تک بس بری طرح جل گئی تھی تاہم حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

جرمن وزیرداخلہ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم بس کا حادثے کا شکار ہونا اور اتنی تیزی سے آگ لگنا سمجھ سے بالاتر ہے کیوں کہ اس وقت ٹریفک کی روانی بہت آہستہ تھی۔

دوسری جانب ٹرالر کے ڈرائیور کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا جب کہ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ ٹرالر کے ٹائر سے ٹکرانے کے بعد بس میں دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔