اقتصادی راہداری؛قائمہ کمیٹی کے مغربی روٹ کیلیے بجٹ میں فنڈز نہ رکھنے پرشدید تحفظات

نمائندہ ایکسپریس / نامہ نگار / آن لائن  ہفتہ 8 جولائی 2017
بلوچستان، سندھ اور اٹک سے لاپتہ افراد پر تحفظات کا اظہار، ایف سی بلوچستان حکام کی اجلاس میں عدم شرکت کا نوٹس، ہوم سیکریٹری بھی طلب
 فوٹو: فائل

بلوچستان، سندھ اور اٹک سے لاپتہ افراد پر تحفظات کا اظہار، ایف سی بلوچستان حکام کی اجلاس میں عدم شرکت کا نوٹس، ہوم سیکریٹری بھی طلب فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مواصلا ت کو بتایا گیا کہ مالی سال 2016/17 کے ترقیاتی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 189ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا جبکہ 30 اپریل تک 225 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

کمیٹی نے اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کیلیے فنڈز مختص نہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ساتھ زیادتی قرار دیا،کمیٹی نے بلوچستان میں نیشنل ہائی وے کے این 50 اور این 70سے فارغ کیے جانے والے ملازمین کو بحال کرنے اور موٹروے پولیس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی فوری بھرتی کی سفارش کی ہے، اجلاس چیئرمین سینیٹر دائود اچکزئی کی صدارت میں ہوا، چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ مغربی روٹ پر شاہراہوں اور سٹرکوں کی لمبائی کے مطابق موٹر وے پولیس کے ملازمین کی تعداد اور بھرتیوں کے حوالے سے اگلے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی جائے۔

آئی جی موٹر وے نے کمیٹی کو بتایا کہ نیشنل ہائی وے اور موٹر ویز کیلیے وزیراعظم نے مزید11 ہزار تقرریوں کی منظوری دے دی ہے، یہ تقرریاں 3 سال میں مکمل ہوں گی، سینیٹ فنکشنل کمیٹی انسانی حقوق کا اجلاس سردار محسن لغاری کی زیر صدارت ہوا، فنکشنل کمیٹی بلوچستان، سندھ اور اٹک سے لاپتہ افراد کے معاملے پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے مسلسل 3 اجلاسوں میں ایف سی بلوچستان کے ذمے داران کی اجلاس میں عدم شرکت کا نوٹس لے لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔