واٹس ایپ کے7 اہم نئے فیچرزمتعارف

ویب ڈیسک  اتوار 9 جولائی 2017
ہر گزرتے دن کے ساتھ واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،فوٹو:فائل

ہر گزرتے دن کے ساتھ واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،فوٹو:فائل

انٹرنیٹ صارفین کی زندگی میں واٹس ایپ لازم و ملزم حصہ بن گیا ہے اور یہ سوشل میڈیا ایپلی کیشن اتنی موثر اور مفید ثابت ہوئی ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اوراب واٹس ایپ نے 7 نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں جو آپ کے لیے کافی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

1) جیفس بنانا اور ویڈیو ایڈیٹنگ:

ان دنوں انٹرنیٹ پر پیغام رسانی کے لیے جفس کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہوتا جارہا ہے۔ اسی لیے واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے آپ ویڈیو میں ایڈیٹنگ کرکے انہیں جفس میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے ویڈیو آپ کے موبائل میں محفوظ ہونا ضروری ہےجب آپ کسی ویڈیو کو سینڈ کرتے ہیں تو ایڈیٹنگ کے آپشن بھی سامنے آجاتے ہیں، اگر آپ ویڈیو کی لمبائی یا دورانیہ 6 سیکنڈ کا کردیں گے تو خودبخود جفس کا آپشن آپ کے سامنے آجائے گا جسے استعمال کرکے آپ جفس بنا سکتے ہیں۔ آپ ویڈیو میں کسی بھی جگہ 6 سیکنڈ کے دورانیہ کا جفس بنا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ویڈیو پر آپ کچھ لکھ بھی سکتے ہیں اور ایموجیز بھی شامل کرسکتے ہیں۔

2) تصاویر میں ایڈیٹنگ

واٹس ایپ نے حال ہی میں انتہائی اہم ایڈیٹنگ کا آپشن بھی متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے آپ اپنی تصاویر کو ارسال کرتے وقت ہاتھ کے ہاتھ انہیں ایڈٹ بھی کرسکتے ہیں۔ اس آپشن کے ذریعے آپ تصاویر پر کچھ تحریر کرسکتے ہیں، کٹ کرسکتے ہیں، چاروں سمت گھماسکتے ہیں اور ان میں ایموجیز شامل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی ایڈیٹنگ کے مزید آپشن کو استعمال کرکے پیغام کو موثر بنا سکتے ہیں۔

3) چیٹس کو پن کرنا:

بسا اوقات اس قدر پیغامات آتے ہیں کہ اہم چیٹس کو فورا تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ واٹس ایپ نے اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے چیٹس کو ’’پن‘‘ کرنے کا آپشن متعارف کرایا ہے جس کے نتیجے میں آپ غیر ضروری چیٹس کو نیچے اور اہم چیٹس کو اوپر لاسکتے ہیں۔

4) ٹیکسٹ کا فارمیٹ تبدیل کرنا

اس آپشن کے ذریعے آپ تحریر کو بولڈ (نمایاں) کرسکتے ہیں، فانٹ تبدیل اور چھوٹا بڑا بھی کرسکتے ہیں۔

5) زبان

واٹس ایپ آپ کو مختلف زبانوں میں گفتگو کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔

6) بات چیت کا شارٹ کٹ

آپ جس شخص یا گروپ میں بہت زیادہ چیٹ کرتے ہیں اس کا ہوم اسکرین پر شارٹ کٹ بھی بنا سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کو آسانی ہوگی اور ہر بار واٹس ایپ کھولنے اور پھر چیٹ پر جانے کی زحمت سے بچ جائیں گے۔

7) نوٹی فکیشنز کی کسٹمائزیشن

اس فیچر کے ذریعے آپ اہم افراد کے پیغامات کے نوٹی فکیشنز موصول کرسکتے ہیں۔ اس آپشن کو فعال کرنا آسان ہے۔ کسٹم نوٹی فکیشنز میں جاکر اپنی مرضی کے کنٹیکٹس کے نوٹی فکیشن سبسکرائب کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔