سنجے دت اور سری دیوی 25 برس بعد ایک ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں گے

ویب ڈیسک  پير 10 جولائی 2017
سنجے دت اور سری دیوی آخری بار 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم گمراہ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ فوٹو: فائل

سنجے دت اور سری دیوی آخری بار 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم گمراہ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ سری دیوی کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’مام‘‘ کی باکس آفس پر کامیابی کے بعد یہ خبریں بھی سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں کہ سری دیوی اور سنجے دت 25 برس بعد بڑے پردے پر ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری دیوی اور سنجے دت کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی نئی فلم میں ایک ساتھ نظر آ سکتے ہیں، فلم کا نام ابھی تک طے نہیں کیا گیا تاہم سری دیوی نے اس فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی ہے جبکہ پروڈیوسرز سنجے دت سے اس حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سنجے دت اور سری دیوی 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گمراہ‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے اور یہ فلم بھی دھرما پروڈکشن کی پیشکش تھی۔

رپورٹس کے مطابق کرن جوہر کی نئی فلم تقسیم ہند کے موضوع پر بنائی جائے گی جس کا خیال ان کے والد یش جوہر نے اپنی زندگی میں پیش کیا تھا تاہم وہ خود یہ فلم نہیں بنا سکے تھے۔ اس کے علاوہ اس قسم کی اطلاعات بھی ہیں کہ فلم میں پہلے ہی ورون دھون، عالیہ بھٹ اور سوناکشی سنہا کو کاسٹ کیا جا چکا ہے اور فلم کے ہدایات کار ابھیشیک ورمن اسکرپٹ کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں جس کی شوٹنگ آئندہ برس شروع ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔