سونے سے بنے ’فِجِٹ اسپنر‘ قیمت 17 لاکھ روپے

ویب ڈیسک  اتوار 16 جولائی 2017
کیویئرکی جانب سے تیارکردہ اسپنر جس کی قیمت 17 لاکھ روپےہے۔ فوٹو: بشکریہ کیویئر کمپنی

کیویئرکی جانب سے تیارکردہ اسپنر جس کی قیمت 17 لاکھ روپےہے۔ فوٹو: بشکریہ کیویئر کمپنی

ماسکو: مغربی ممالک کے بعد ’فِجِٹ اسپنر‘ یا لٹو پاکستان میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں جنہیں لوگ تفریح یا ذہنی تناؤ کم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

تیزی سے گھومنے والے ان دھاتی پہیوں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ایک روسی کمپنی نے دنیا کا مہنگا ترین اِسپِنر بنایا ہے جسے خالص سونے میں ڈھالا گیا ہے اور اس کے ایک ماڈل کی قیمت 17 لاکھ روپے ہے۔

فجٹ اسپنر کو روسی کمپنی کیویئر نے تیار کیا ہے جو دولت مند افراد کے لیے انتہائی مہنگی اور پرتعیش اشیا بنانے میں عالمی شہرت رکھتی ہے۔ اس سے پہلے یہ کمپنی سونے کی کیسنگ والے آئی فون پیش کرچکی ہے جس کی قیمت ساڑھے تین لاکھ روپے ہے۔ اب اس کمپنی نے دنیا کے سب سے مقبول کھلونے فجٹ اسپنر کو بھی ایک مہنگی آرائشی شے بنا دیا ہے۔

کیویئر کمپنی نے اپنے کئی اسپنر پیش کئے ہیں جن میں سونے اور چاندی سے بنے اسپنر اور کاربن فائبر ماڈل بھی بنائے گئے۔ کاربن فائبر اسپنر کی قیمت 25 ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے جبکہ مکمل ٹھوس سونے سے بنے اسپنر کی قیمت 17 ہزار ڈالر یا 17 لاکھ پاکستانی روپے ہے۔ اس کے علاوہ ساڑھے 16 لاکھ روپے کا ایک اور فجٹ اسپنر بھی ہے جس میں ایک درجن کے قریب چھوٹے ہیرے جڑے ہیں۔

کمپنی کے مطابق ان مہنگے ترین کھلونوں کی فروخت اگلے ماہ کے وسط سے شروع ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔