ڈومیسٹک کرکٹ میں انقلابی تبدیلیاں، بورڈ نے ریجنز کے پر کُتر دیے

نمائندہ خصوصی  جمعـء 14 جولائی 2017
سلیکشن کمیٹی8 کپتانوں کے نام دیتے ہوئے 150 پلیئرز کو ڈرافٹ میں شامل کرے گی۔ فوٹو: فائل

سلیکشن کمیٹی8 کپتانوں کے نام دیتے ہوئے 150 پلیئرز کو ڈرافٹ میں شامل کرے گی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: قائد اعظم ٹرافی میں اب8 کرکٹرز انٹرڈسٹرکٹ ایونٹ سے منتخب ہو کرٹیموں میں شامل ہوں گے، دیگر 12 کوڈرافٹنگ سے چنا جائے گا تاہم اس فیصلے سے مقامی کھلاڑیوں کا کردار بھی محدود ہونے کا خدشہ ہے۔

پی سی بی کی کرکٹ اور ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی کے تحت سب کمیٹی کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، اس میں فرسٹ کلاس ٹیموں کے کپتان اور کوچز، شکیل شیخ ، انضمام الحق و دیگر شریک ہوئے،ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پرڈومیسٹک کرکٹ میں نئی تبدیلیوں پر اتفاق کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سیزن فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کیلیے پہلی بار ریجنل کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ سے ہوگا، 8کرکٹرز انٹرڈسٹرکٹ ایونٹ سے منتخب ہو کرٹیموں میں شامل ہوں گے، دیگر 12 کوڈرافٹنگ سے چنا جائے گا، قومی سلیکشن کمیٹی150 کھلاڑیوں کو ڈرافٹ میں شامل کرے گی،8 کپتانوں کے نام بھی وہی دے گی۔ آئندہ ماہ کے آخر میں اس حوالے سے ڈرافٹنگ ہوگی، 12 ریجنل کرکٹرز کو ایک قومی سلیکٹر، ریجن کا سربراہ، ہیڈ کوچ اور کپتان منتخب کرے گا۔

بورڈ کے اس فیصلے سے ایسوسی ایشنز کا کردار محدود ہو جائے گا، ذرائع کہتے ہیں کہ چونکہ مبینہ طور پر ریجنل ٹیموں کے انتخاب میں سیاست کا کردار زیادہ اور میرٹ کا کم ہوتا ہے اس لیے یہ قدم اٹھایا گیا، حکام کو امید ہے کہ حالیہ فیصلے سے رینجز کی ٹیمیں بھی ڈپارٹمنٹس کا ڈٹ کا سامنا کر سکیں گی اور مقابلے کی فضا بڑھے گی۔

دوسری جانب ایسوسی ایشنز اس صورتحال سے ناخوش ہیں۔ میٹنگز میں بعض دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے،ملک کے12 سینٹرز پر نئی پچز بنائی جائیں گی جبکہ گراؤنڈز بھی بہتر ہوں گے۔

بورڈ کی خواہش ہے کہ جاندار وکٹیں تیار ہوں تاکہ غیرملکی دوروں میں کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ذرائع نے بتایا کہ دنیا بھر میں پچز پر6سے 7 انچ تک مٹی کی تہہ ہوتی جبکہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 13 اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں11انچ تک ہے، اسی لیے پچ ڈیڈ ہو جاتی اور بولرز سر پٹختے رہتے ہیں، اب مٹی کوعالمی معیار کے مطابق7 انچ پر لایا جائے گا، گراؤنڈ میں نئی گھاس اور پویلین و اسٹینڈز کی تزئین وآرائش بھی ہوگی۔

قائد اعظم ٹرافی کیلیے برطانیہ سے ڈیوک کی سرخ گیندیں منگوائی جائیں گی، نئی پچز پر ڈیوک بال اچھے باؤنس سے بیٹسمین تک پہنچے گی۔ یوں کھیل میں توازن بڑھے گا، ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے کپ میں سفید کوکابورا گیند جبکہ قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو ودیگر جونیئر لیول کی کرکٹ میں ہاتھ سے سلی ہوئی بالز استعمال ہوںگی۔

علاوہ ازیں لاہور میں منعقدہ اجلاس میں امپائرنگ کا شعبہ بھی زیربحث آیا،اس حوالے سے فیصلہ ہوا کہ آئندہ چند ہفتوں میں امپائرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، اسی کی بنیاد پر انھیں مستقبل میں ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ ہوگا۔

کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 10 فیصد اضافے کی بھی تجویز دے دی گئی، اس وقت نیشنل ریجن ون ڈے کپ میں 20، ٹی ٹوئنٹی میں 24 اور چار روزہ میچ میں25 ہزار روپے فیس دی جاتی ہے،پاکستان کپ ون ڈے کی میچ فیس 30 ہزار ہے،2 ہزار روپے ڈیلی الاؤنس میں ایک ہزار اضافہ ہو گیا،لنچ کیلیے اب 600کے بجائے ایک ہزار روپے دیے جائیں گے، این سی اے کا ڈاکٹر جو بتائے گا وہی کھانا پلیئرز کو ملے گا تاکہ مرغن غذائیں زیادہ کھا کر فٹنس خراب نہ ہو جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔