اپٹما نے ٹیکسٹائل کنونشن بلانے کا فیصلہ کرلیا

حسیب حنیف  اتوار 16 جولائی 2017
مسائل پرگفتگو، ٹیکسٹائل برآمدات کو فروغ دینے کیلیے لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

مسائل پرگفتگو، ٹیکسٹائل برآمدات کو فروغ دینے کیلیے لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشن (اپٹما) نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل پر تمام ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنزکا کنونشن بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کنونشن میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملزایسوسی ایشن ( اپٹما)، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے)، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا) ، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسینگ ملز ایسوسی ایشن ( اپٹپما )، کارپٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور دیگر ٹیکسٹائل کی اہم ایسوسی ایشنز کو مدعو کیا جائے گا، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشن (اپٹما) کی جانب سے کرائے جانے والے اس کنونشن میں تمام ٹیکسٹائل سیکٹر ایسوسی ایشنز اپنے مسائل پیش کریں گی۔

ذرائع کے مطابق کنونشن میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے بجلی اور گیس کے نرخ ، حکومت کی جانب سے پی ایم ایکسپورٹ پیکیج، سیلز ٹیکس ریفنڈز سمیت دیگر ٹیکسز کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔ اس سلسلے میں ایکسپریس نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے جنرل سیکریٹری انیس الحق سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ اپٹما کی جانب سے تمام ٹیکسٹائل سیکٹرکی تنظیموں کا مشترکہ کنونشن بلانے کی تجویز زیر غور ہے اور یہ کنونش جلد بلایا جائے گا۔

اس کنونشن کا مقصد پاکستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے بڑھتے ہوئے مسائل کو زیر بحث لانا اور ان مسائل کا ممکنہ حل تلاش کرنا ہے، پاکستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جس میں بڑے مسائل گیس اور بجلی کے نرخ ہیں جو ہمارے ہمسائیہ ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔

اسی طرح ٹیکسٹائل انڈسٹری کو حکومت کی جانب سے دیے جانے والے ایکسپورٹ پیکیج، سیلز ٹیکس ری فنڈز جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے، ملک میں کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس بڑھ رہی ہے، خام مال کی قلت ہے، لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں، ہماری ٹیکسٹائل برآمدات بھی ہر آنے والے سال میں کم ہو رہی ہیں جس کے باعث تمام ٹیکسٹائل تنظیموں کا مشترکہ کنونشن بلایا جائے گا، اس کنونشن میں ان مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ کو بڑھانے پر بھی غور کیا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔