سوتی ہوئی وہیل کی تصاویر نے سب کو حیران کر دیا

ویب ڈیسک  پير 17 جولائی 2017
اس نایاب تصویر میں پانچ وھیل بالکل سیدھی نظر آرہی ہیں اور یہ چند منٹوں کے لیے سورہی ہیں۔ فوٹو: بشکریہ فرانکو بافی

اس نایاب تصویر میں پانچ وھیل بالکل سیدھی نظر آرہی ہیں اور یہ چند منٹوں کے لیے سورہی ہیں۔ فوٹو: بشکریہ فرانکو بافی

نیو یارک سٹی: کیا سمندری مخلوق وہیل بھی سوتی ہیں، یہ معمہ آج تک حل طلب ہے لیکن وہیل کی حال ہی میں منظر عام پر آنے والی تصاویر اور ویڈیوز نے سائنسدانوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان تصاویر سے اس دیو ہیکل سمندری جانور کی نیند کے حوالے سے زبردست معلومات سامنے آئیں گی۔

سائسندانوں سے جب وہیل کے نیند کرنے سے متعلق سوال کیا جائے تو وہ اس کا جواب ہاں میں دیتے ہیں لیکن آج تک وہیل کے آرام کرنے یا سونے کی کوئی واضح تصویر یا ویڈیو سامنے نہیں آ سکی تھی، اب ایک فوٹو گرافر نے سوتی ہوئی اسپرم وہیل کی دلچسپ تصاویر سے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

زیرِآب فوٹو گرافر فرانکو بافی نے کریبیئن سمندر میں ڈومینیکا جزائر کے قریب بہت سی وہیل کو سوتے ہوئے دیکھا اور ان کی تصاویر اور ویڈیو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیں۔ اس ویڈیو کو بہت نایاب قرار دیا جا رہا ہے جس میں وہیل قدرے سیدھی ہو کر بے حس دکھائی دے رہی ہیں۔

تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیرتے تیرتے وہیل عمودی طور پر سیدھی اور ایک دم ساکت ہو جاتی ہیں۔ 2008 میں پہلی مرتبہ اس کا انکشاف اس وقت ہوا جب برطانوی اور جاپانی ماہرین نے پانیوں میں بت بنی وہیل کو دیکھا تھا۔ اس کے بعد مزید تحقیق سے انکشاف ہوا کہ وہیل اپنی زندگی کا 7 فیصد حصہ سونے میں گزارتی ہیں اور ان کی نیند صرف 6 سے 24 منٹ تک ہوتی ہے۔

فرانکو کی چند تصویر میں بہت سی وہیل نیند لیتے دکھائی دے رہی ہیں۔

اسپرم وہیل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ پوری زمین پر پائے جانے والے تمام جانوروں میں ان کا دماغ سب سے بڑا ہوتا ہے۔

اسپرم وہیل گہرائی میں غوطہ لگا سکتی ہیں اور 3280 فٹ تک کی گہرائی میں ڈیڑھ گھنٹہ بغیر سانس لیے مزے سے رہتی ہیں۔ ان میں نر کا وزن مادہ کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔