ارجن کپور کا برسوں پرانا خواب پورا ہو گیا

ویب ڈیسک  پير 17 جولائی 2017
فلم ’مبارکاں‘ کے بعد میں تکنیکی طور پر ایک بہترین اداکار بن گیا ہوں، ارجن کپور  - فوٹو: فائل

فلم ’مبارکاں‘ کے بعد میں تکنیکی طور پر ایک بہترین اداکار بن گیا ہوں، ارجن کپور - فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار ارجن کپور کا کہنا ہے کہ سپر اسٹار چچا انیل کپور کے ساتھ کام کرنا میرا خواب تھا لیکن رشتہ داری کی وجہ سے کبھی خود ان سے اپنی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف بالی ووڈ پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے ارجن کپور نے کا کہنا ہے کہ فلم ’مبارکاں‘ میں انیل کپور کے ساتھ کام کر کے میرا دیرینہ خواب پورا ہو گیا لیکن میں نے رشتہ داری کی وجہ سے کبھی بھی چاچو سے اپنی اس خواہش کا اظہار نہیں کیا جب کہ میں اکثر اپنے ارد گرد کے لوگوں سے کہتا تھا کہ یہ لوگ مجھے چاچو انیل کے ساتھ کیوں کاسٹ نہیں کرتے۔

ا س خبر کو بھی پڑھیں؛ کیا ارجن کپور شادی کرنے جارہے ہیں ؟

ارجن کپور کا کہنا تھا کہ بچپن سے چاچو کی اداکاری دیکھتا آ رہا ہوں اور مجھے یقین تھا کہ ایک دن موقع ملنے پر میں ضرور ان کے ساتھ کام کروں گا لہذا جب انیل کپور میرے پاس آئے اور کہا کہ فلم ’مبارکاں‘ کے کردار کے لیے تم بہترین انتخاب ہو اور تمہیں فلم کا اسکرپٹ پڑھنا چاہیئے، یہ میرے لیے بڑے فخر کی بات تھی اور میں نے فوراً اس کردار کو نبھانے کی حامی بھرلی۔

بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ فلم ’مبارکاں‘ میں میرے دونوں کردار ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں جب کہ شوٹنگ کے دوران مجھے ہر سین دو بار بالکل مخلتف طریقے سے کرنا ہوتا تھا جو میرے لیے سیکھنے کا بہت اچھا مرحلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ فلم کرنے کے بعد میں تکنیکی طور پر بہترین اداکار بن گیا ہوں لیکن یہ مداحوں کو فلم دیکھنے کے بعد طے کرنا ہو گا کہ فلم کیسی ہے اور اس میں میں نے کس طرح کی پرفارمنس دی ہے۔

واضح رہے انیل کپور اپنے بھتیجے ارجن کپور کے ساتھ پہلی بار فلم ’مبارکاں‘ میں جلوہ گر ہوں گے جو 28 جولائی کو ریلیز ہوگی، فلم میں ارجن کپور ڈبل کردار میں نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔